فیصل آباد میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے امیدوار پھر سے تبدیل کر دئیے

این 97 میں سعد اللّٰہ بلوچ اور این اے 101 میں رانا عاطف کو امیدوار نامزد کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 جنوری 2024 11:37

فیصل آباد میں تحریک انصاف  نے قومی اسمبلی کے امیدوار پھر سے تبدیل کر ..
فیصل آباد( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2024ء) فیصل آباد میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے امیدوار پھر سے تبدیل کر دئیے ۔ این 97 میں سعد اللّٰہ بلوچ کو امیدوار نامزد کر دیا گیا ۔ این اے 97 میں اس سے پہلے ذوالفقار وٹو کو نامزد کیا گیا تھا ۔جبکہ این اے 101 میں رانا عاطف کو امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ این 101 میں اس سے پہلے ندیم آفتاب سندھو کو امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے امیدواروں کی لسٹوں میں تیسری بار ردوبدل کر دیا۔سنو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے بیرسٹر گوہر ، شعیب شاہین اور 9 کور کمیٹی ارکان نے رات کو چار گھنٹے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کیا۔اجلاس میں امیدواروں کو تبدیل کیا گیا۔ امیدواروں کی جانب سے مسلسل تحفظات سامنے آنے کے باعث تبدیلی کی گئی۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے سو سے زائد حلقوں کے امیدواروں کو تبدیل کیا گیا۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی ارکان نے بھی خصوصاً خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درجنوں حلقوں میں غلط امیدواروں کو ٹکٹس دیتے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ کئی حلقوں میں خواتین کو ٹکٹ دیئے گئے جو واپس لے کر دوسرے امیدواروں کو دیئے گئے۔ آج امیدواروں کی اپ ڈیٹ لسٹ ویب سائٹ پر لوڈ کر دی جائے گی۔ قبل ازیں بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کسی ممبر سے کوئی حلف نہیں لیا ضمیر پر چھوڑا ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدوار منتخب ہو کر پی ٹی آئی میں آتے ہیں تو مخصوص نشستیں مل جائیں گی۔ کسی ممبر سے کوئی حلف نہیں لیا ضمیر پر چھوڑا ہے۔ سخت حالات میں بھی لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں تو بڑی بات ہے۔لوگ ہمارے ساتھ نہیں اس نظریے، جدوجہد کیساتھ ہیں جو شروع کی۔