پاکستان اور ایران کشیدگی کو طول دیکر ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیں جو خطے میں امن نہیں چاہتے

ذمہ دار ممالک ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں، پاک ایران کشیدگی پر روس کا ردعمل

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 جنوری 2024 22:03

پاکستان اور ایران کشیدگی کو طول دیکر ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2024ء) روس نے پاکستان اور ایران کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق روس کی جانب سے پاکستان اور ایران کی حالیہ کشیدگی پر ردعمل دیا گیا ہے۔ روس نے ایران اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور ایران کشیدگی کو طول دیکر ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیں جو خطے میں امن نہیں چاہتے۔

ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی، خطے کے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے لیے سود مند ہوگی۔

(جاری ہے)

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور ایران شنگھائی تعاون تنظیم کا حصہ ہیں۔ یہ افسوسناک ہے کہ یہ دوست ایس سی او ممالک کے درمیان ہو رہا ہے جن کے ساتھ ہم شراکت داری کے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔

روس کی ترجمان نے ایران اور پاکستان پر زور دیا کہ ذمہ دار ممالک ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔ ترجمان زاخارووا نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی خود مختار سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف کوئی بھی کارروائی اس ملک کے حکام کے ساتھ معاہدے اور ہم آہنگی کے ساتھ کی جانی چاہیے۔ دوسری جانب پاکستان اور ایران کشیدگی میں چین نے بھی ثالثی کی پیشکش کردی ۔

کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور ایران خطے اور مسلم دینا کے اہم ممالک ہیں، چین اپنے اچھے دوست پاکستان اور اچھے دوست ایران سے کہتا ہے ہم دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاک ایران تعلقات پُرامن طریقوں سے حل کیے جا سکتے ہیں، ہم دونوں ملکوں سے کہتے ہیں کہ وہ اختلافات پر تحمل کا مظاہرہ کریں اور دونوں ممالک اپنے تعلقات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی اقدار کے مطابق آگے بڑھائیں۔

علاوہ ازیں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان کی جانب سے فریقین سے کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کا مطالبہ کیا گیا ہے، چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے حالات مزید سنگینی کی جانب جائیں، امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے دونوں ملک مل کر کام کریں۔