Live Updates

بشریٰ بی بی کا احتساب عدالت کے جج پرعدم اعتمادکا اظہار

بشریٰ بی بی نے سماعت کے آغاز میں جج پر عدم اعتماد کااظہار کیا،عمران خان اوروکلاءکی ڈیڑھ گھنٹے کی مشاورت کے بعد بشریٰ بی بی نے دوبارہ عدالت پر اعتماد کا اظہار کر دیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 17 مئی 2024 16:18

بشریٰ بی بی کا احتساب عدالت کے جج پرعدم اعتمادکا اظہار
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 مئی 2024 ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے جج پر عدم اعتماد کااظہار کر دیا،تاہم عمران خان او روکلاءکی مشاورت کے بعدعدم اعتماد واپس لے لیا گیا،راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کی۔

بشریٰ بی بی نے سماعت کے آغاز میں جج پر عدم اعتماد کااظہار کر دیا۔کمرہ عدالت میں بشریٰ بی بی اچانک غصے میں روسٹرم پر گئیں اور کہا کہ پہلے کیسز کے ججز پر بھی اعتماد نہیں تھا۔ اس عدالت پر بھی عدم اعتماد کر رہی ہوں۔

(جاری ہے)

بشریٰ بی بی نے جج سے کہا کہ 15مئی کو اڈیالہ جیل میں سماعت تھی۔ کسی نے نہیں بتایا۔عدالت کا کہنا تھا کہ 15 مئی کی سماعت تو ملتوی ہوئی تھی۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں اس کیس میں قیدی نہیں ہوں۔ نا انصافی کی وجہ سے جیل میں ہوں۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ملزمان کے وکلا سے سوال کیا کہ کیا آپ کو عدالت پر اعتماد نہیں؟ وکلا کی جانب سے کہا گیا کہ ہمیں عدالت پر اعتماد ہے، بشریٰ بی بی سے مشورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔عدالت پر عدم اعتماد ختم کرنے کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی اور وکلا ڈیڑھ گھنٹے تک بشری بی بی کو سمجھاتے رہے، ڈیڑھ گھنٹے کی مشاورت کے بعد بشریٰ بی بی اور وکلا نے دوبارہ عدالت پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی کمرہ عدالت فیملی کارنر میں نہ گئیں اور میڈیا باکس کے سامنے ہی بیٹھی رہیں۔ عمران خان کے بارہا اصرار کے باوجود بشریٰ بی بی فیملی کارنر میں نہیں گئیں اور ا±ن کی بہنوں سے بھی نہ ملیں۔سماعت کے آغاز پر بشریٰ بی بی غصے کی حالت میں کمرہ عدالت میں آئیں اور بنا کسی سے بات کئے وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ بیٹھنے کی بجائے الگ جا کر بیٹھ گئیں۔

بشریٰ بی بی نے عمران خان کی بہنوں سے بھی ملاقات نہیں کی۔بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پانچ سے چھ مرتبہ سرگوشیوں میں باتیں بھی کیں۔ وکلاءاور بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے بشریٰ بی بی کو قائل کرنے کیلئے تین مرتبہ وقت بھی مانگا۔بانی پی ٹی آئی سماعت کی ابتدا سے آخر تک پریشان نظر آئے۔ وہ کبھی وکلائ، کبھی روسٹرم، کبھی بشریٰ بی بی اور کبھی بہنوں کے پاس جاتے رہے۔

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی علیحدہ کمرے کے انتظام کے بعد وہ اپنی بیٹیوں سے علیحدگی میں ملیں۔عدالت نے وکلاءاور بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں تین بار وقفہ کیا اور طویل مشاورت کے بعد وکلاءاور بانی پی ٹی آئی نے عدم اعتماد واپس لینے سے عدالت کو آگاہ کیا۔ بانی پی ٹی آئی، وکلاءاور بشریٰ بی بی کی طویل مشاورت کے بعد عدم اعتماد واپس لے لیا گیا۔190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت میں آج کسی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی گئی۔عدالت نے سماعت ہر 14 روز بعد کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دئیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات