این اے 83 ، 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ

امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری جبکہ تحقیقات سے پتا چلا کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری اور نماز جنازہ 3جنوری کوہوئی تھی،درخواست گزار کا الیکشن کمیشن کے روبرو موقف

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 جنوری 2024 11:49

این اے 83 ، 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2024 ء) قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ ،الیکشن کمیشن آف پاکستان میں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی ہونے کے معاملے کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی۔درخواست گزار اور ن لیگ کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر بتایا کہ وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری کا ہے، جبکہ تحقیقات کرنے پر پتا چلا کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو اور 3 جنوری کو نماز جنازہ ہوئی، اس معاملہ میں جعل سازی کی گئی ہے۔

ڈی آر او سرگودھا نے کہا کہ انکوائری میں ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ انتخابات ملتوی نہ کئے جائیں، ڈی آر او سرگودھا نے موقف اپنایا کہ میں نے انکوائری کروائی ہے، انکوائری میں ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی ہے، انکوائری میں صادق علی کی والدہ، بیٹی، امام مسجد کے بیان ریکارڈ کئے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات ملتوی کرنے سے پہلے ریٹرننگ افسران نے انکوائری کیوں نہیں کی، ریٹرننگ افسر این اے 85 نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو چکا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی تھی، ہمیں جعلی ڈیٹھ سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا تھا۔ سیکریٹری یونین کونسل نے کہا کہ ہم نے نمبردار کی تصدیق اور بیٹے کی درخواست پر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیا، نمبردار نے کہا کہ میرے جعلی دستخط کیے گئے۔

سماعت کے دوران مداخلت پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کی سرزنش کی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک تو غلط کام کرتے ہو اور یہاں آ کر بحث کرتے ہو۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کر دی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس شخص کو نوکری سے برخواست کرنا چاہیئے۔ امام مسجد نے بتایا کہ میں نے صادق علی کی نماز جنازہ 3 جنوری کو پڑھائی۔ الیکشن کمیشن نے این 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دئیے۔