بلوچستان ،حلقہ این ای251 شیرانی کم ژوب کم قلعہ سیف اللہ سیانتخابات میں 17امیدوار حصہ لے رہے ہیں

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 میں نواب ایاز اور خوشحال خان، پی بی 1میں ڈاکٹر نواز اور میر حسن، پی بی 2میںجعفر مندوخیل اور فضل قادر، پی بی 3میں مولانا واسع اور مولوی نور اللہ مد مقابل ہونگی

منگل 23 جنوری 2024 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2024ء) بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 شیرانی کم ژوب کم قلعہ سیف اللہ سی8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کل 17امیدوار حصہ لے رہے ہیں اسی حلقہ میں آنے والی صوبائی اسمبلی کی تین نشستوں پر کل 77امیدوار مد مقابل ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 251میں کل ووٹرز کی تعداد 3لاکھ 23ہزار 588ہے ضلعہ شیرانی، ژوب اور قلعہ سیف اللہ پر مشتمل اس حلقے میںمسلم لیگ(ن) کے طور گل جوگیزئی ، پشتونخواء نیشنل عوامی پارٹی کے خوشحال خان کاکڑ، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے نواب ایاز جوگیزئی، جمعیت علماء اسلام کے سید سمیع اللہ، پاکستان پیپلزپارٹی کے عبدالباقی سمیت مجموعی طور پر17 امیدوار حصہ لے رہے ہیں بتایا جاتا ہے کہ اس نشست پر نواب ایاز جوگیزئی، سید سمیع اللہ اور خوشحال خان کاکڑ کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح اس قومی اسمبلی کے حلقے میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 1شیرانی ، پی بی 2ژوب اور پی بی 3قلعہ سیف اللہ بھی شامل ہیں ۔ حلقہ پی بی 1شیرانی کم ژوب میں کل ووٹرز کی تعداد 47ہزار 706ہے جن میں 26ہزار 9سو سے زائد مرد اور 20ہزار 7سو سے زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں اس نشست پر28امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تاہم جمعیت علماء اسلام کے ڈاکٹر نواز کبزئی ، مسلم لیگ (ن) کے میر حسن شیرانی اور آزاد امیدوار شاہ زمان کے درمیان مقابلہ متوقع ہے ۔

بلوچستا ن اسمبلی کے حلقہ پی بی 2ژوب میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 49ہزار 486ہے جن میں 85ہزار 438مرد جبکہ 64ہزار 48خواتین ووٹرز ہیں ۔اس حلقے میں مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل مضبوط ترین امیدوار ہیں جبکہ انکا مقابلہ جمعیت علماء اسلام کے فضل قادر اور آزاد امیدوار سابق رکن اسمبلی مٹھاخان کاکڑ سے متوقع ہے ۔ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 3قلعہ سیف اللہ میں کل 20امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، سابق رکن اسمبلی آزاد امیدوار مولوی نور اللہ، عوامی نیشنل پارٹی کے ملک امان اللہ مہترزئی ، مسلم لیگ(ن) کے عبدالجبار قابل ذکر ہیں تاہم 1لاکھ 26ہزار 396ووٹرز کی آبادی والے اس حلقے میں مولانا عبدالواسع اور مولوی نور اللہ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ۔