فیصل آباد،کاشتکاروں کولوبیا کی بہاریہ فصل کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 24 جنوری 2024 14:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو لوبیا کی بہاریہ کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوبیا کی بہاریہ کاشت 15فروری سے شروع ہو کر 28فروری تک مکمل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ لوبیا بطور دال اور چارہ استعمال ہوتاہے جبکہ لوبیا کی نئی اقسام بطور سبزی بھی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ لوبیا کی فصل ہر قسم کی زمین پر کاشت کی جاسکتی ہے لیکن اس کی بہتر پیداوار کے لیے ذرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا خاطر خواہ انتظام ہواچھی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کو تیار کرنے کے لیے وتر کی حالت میں دویا تین بار ہل چلا کر ہموار کرلیں اور اس کے بعد آبپاشی کرکے راؤنی کردیں اورزمین کو ذرخیز بنانے کے لیے مناسب وتر کی حالت میں فی ایکڑ ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈال کر دوبارہ ہل چلائیں اور اس کے بعد سہاگہ دے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سہاگہ کے بعد تر وتر میں ڈرل کے ذریعے لوبیا کی کاشت کریں اور قطاروں کا فاصلہ 50،50 سینٹی میٹر رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ لوبیا کی بہاریہ فصل کے لیے شرح بیج موٹے بیج والی اقسام کے لیے 14سے15 کلوگرام فی ایکڑ اور چھوٹے بیج والی اقسام کے لئے 10سے12 کلوگرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار زیادہ پیداوار کے لئے محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات پر عمل درآمد کریں۔

متعلقہ عنوان :