ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل سے زرعی پیداواری اہداف حاصل ہونگے، سیکرٹری زراعت

بدھ 24 جنوری 2024 18:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل سے زرعی پیداواری اہداف حاصل ہونگے،تمام افسران پوری دلجمعی کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کریں اور فنڈز کے 100 فیصد درست استعمال کو یقینی بنائیں جبکہ پورٹل پر فنڈز کے استعال کو بروقت اپڈیٹ کیا جائے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔دوران اجلاس محکمہ زراعت کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں زراعت کی نئی ترقیاتی سیکیموں پر کام جاری ہے جن میں واٹر مینجمنٹ، زراعت توسیع،تحقیقاتی ادارہ برائے فروٹس، ریسرچ، زرعی انجینئرنگ، ایمری،کاٹن ریسرچ سمیت دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مالی سال 2023-24 میں زراعت کی 23 ترقیاتی سکیموں کیلئے 3716.75 ملین روپے کے فنڈزجاری کئے گئے ہیں جن میں سے 1934.60 ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں جوکہ کل جاری کردہ فنڈز کا 52 فیصد ہیں۔سیکرٹری زراعت نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب میں زراعت کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جس سے نہ صرف ہمارا کاشتکار مستفید ہوگا بلکہ اس کی آمدن اور زرعی پیداوار میں اضافہ سے ملک بھی ترقی کرے گا۔ سیکرٹری زراعت نے تمام افسران کو باقاعدگی سے ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سکیموں کی مانیٹر نگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے،کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :