یو اے ای کا 7 ریاستوں کو ملانے والی نئی ہائی وے کی تعمیر پر غور

متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے توانائی اور انفراسٹرکچر نے منصوبے کے مطالعے کی تصدیق کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جنوری 2024 17:52

یو اے ای کا 7 ریاستوں کو ملانے والی نئی ہائی وے کی تعمیر پر غور
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ملک کی 7 امارتوں کو ملانے والی نئی ہائی وے کی تعمیر پر غور شروع کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات ایک نئی فیڈرل ہائی وے بنانے کی تجویز کا مطالعہ کر رہا ہے جو تمام سات امارتوں کو آپس میں ملائے گی، اگر یہ ہائی وے تعمیر کی گئی تو یہ یو اے ای میں پھیلی دیگر ہائی ویز جیسے شیخ زاید، شیخ محمد بن زاید سے مل جائے گی، یہ بات اس وقت سامنے آئی جب توانائی اور انفراسٹرکچر کے وزیر سہیل بن محمد المزروعی نے بدھ کو فیڈرل نیشنل کونسل (FNC) سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت ٹریفک کو کم کرنے کے لیے نئی سڑک کی تعمیر کے لیے ایف این سی کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کا مطالعہ کر رہی ہے، حکام مقامی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ آیا نئی شاہراہ کی تعمیر کی ضرورت ہے یا موجودہ سڑکوں پر مزید لین شامل کرنے کی ضرورت ہے، اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ کیا ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑنے سے ٹریفک مسائل کی کمی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیر نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات دبئی اور شمالی امارتوں کے درمیان ٹریفک کو کم کرنے کے لیے نئے طریقہ کار کو بھی نافذ کرے گا، جس میں ٹریفک کے بہاؤ کی نگرانی کے لیے ایک مربوط مرکز اور رش کی وجوہات کا جائزہ لینے کے لیے اے آئی کی مدد شامل ہے، مصنوعی ذہانت سے لیس مانیٹرنگ سینٹر چوبیس گھنٹے ٹریفک کا جائزہ لے گا اور بھیڑ کی وجوہات کی نشاندہی کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کرے گا، یہ طریقہ کار 2024ء کے دوسرے نصف حصے میں متعارف کرائے جائیں گے، ان اقدامات کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بڑھانا اور رکاوٹوں کو کم کرنا ہے، منصوبے مکمل مطالعہ کی بنیاد پر تیار کیے گئے اور وزارت منظوری حاصل کرنے کے لیے مقامی بلدیات کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔