پاکستان میں حقیقی معنوں میں نظام صطفیﷺ کو نافذ کیا جائی:جمعیت اہل حدیث پاکستان

بدھ 24 جنوری 2024 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2024ء) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدرڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الٰہی ظہیرنے کہا ہے کہ نگران حکومت الیکشن بارے غیر یقینی اور کنفیوژن پر مبنی کیفیات ختم کرنے میں ناکام رہی، صرف ایک بار سود سے پاک معاشی اور اسلامی نظام کو آزما کے دیکھ لیں معیشت بھی درست ہو جائے گی اور عوام بھی خوشحال ہوجائے گی،پاکستان ایک اسلامی مملکت ہے دین اور اسلام پسند جما عتوں کا ہمیشہ سے یہی نقطہ نظر رہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں نظام صطفیﷺ کو نافذ کیا جائے۔

ہمارا اولین مقصد وطن عزیز میں کلمہ حق کا احیاء ،تحفظ ناموس رسالتﷺ، ختم نبوتﷺ، صحابہ کرام ؓ و اہل بیت عظام ؓ اورتحفظ شعائر اللہ کا ہے ،اس کے لئے ہر کلمہ گو مسلمان کو دعوت بھی ہے کہ وہ احیائے اسلام کے اس مشن اور کاز میں ہمارا حصہ بنے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اٴْنہوں نے مناواں میں جمعیت اہل حدیث لاہور، ملٹی ٹیکس کیمیکل کے چیف ایگزیکٹیو ملک محمد عمران، مسٹر لیکس مینجنگ ڈاریکٹرکے زیراہتمام منعقد ہونے والی ایک عشائیہ تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر حاجی ریاض احمد، قاری شفیق الرحمن ربانی، علامہ اصغر فاروق، حافظ محسن جا وید، حاجی محمد اشتیاق، حافظ محمد نواز، ملک محمد عرفان، مولانا وقاص قاسمی، عامر عبد اللہ،حافظ سعید عمران کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں سماجی، سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔علامہ ہشام الٰہی ظہیر کا مزید کہنا تھا کہ کیمونزم ،سوشلزم سمیت تمام نظام آزما لئے پھر بھی نہ ملکی معیشت درست ہو سکی اور نہ ہی عوامی کے مسائل حل ہو سکے بلکہ عوامی اور ریاستی مسائل میں مسلسل اضافہ ہی ہوتا گیا ،صرف ایک بار سود سے پاک معاشی و اسلامی نظام نافذ کر لیں معیشت بھی درست ہوجائے گی ملک کے قرضے بھی اتر جائیں گے اور عوام بھی خوشحال ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاوطن عزیز میں مذہبی جما عتیں ہم آہنگ ہیں ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ حالیہ الیکشن میں بھی مذہبی و دینی جما عتوں کا اتحاد بنانے کے لئے سر توڑ کوشش کی جو وقتی طور پر نہیں بن سکا عام انتخابات کے بعد اس کوشش کو جا ری و ساری رکھا جائے گا اور ان شاء اللہ تعالیٰ اٴْمید ہے کہ اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے تاکہ عوام مطمئن ہو سکے۔