ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کی دیکھ بھال کیلئے سفارشات جاری

بدھ 24 جنوری 2024 22:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق پنجاب میں جنوری کے دوران درجہ حرارت کم ہوتا ہے اور کورا بھی پڑتا ہے جِس کی وجہ سے ماہ جنوری کے مہینے میں موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھلے کھیت میں اگانا ممکن نہیں ہے۔موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے ٹنل کاشت کے طریقے کو رواج دیا گیا ہے چونکہ ٹنل کو شدید سردی کے موسم میں پلاسٹک سے ڈھانپ دیا جاتا ہے لہذا ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے۔

کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت لگائی گئی سبزیوں کی بہتر دیکھ بھال سے بھرپور پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال بر وقت کریں اگر ممکن ہو سکے تو بذریعہ ڈرپ اریگیشن کریں۔

(جاری ہے)

سپرے کرنے اور کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کا منہ بند نہ کریں تا کہ ٹنل کے اندرگیس پیدا ہو کر نقصان نہ پہنچائے۔

دن کے وقت تقریبا صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں طرف سے کھلا رکھا جائے تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدا نہ ہو جو کہ بیماریوں کا موجب بنتی ہے اگر ممکن ہو تو ٹنل میں ہوا خارج کرنے والا پنکھا (Exhaust Fan) لگا دیں تا کہ بے جا نمی کو خارج کیا جائے اور درجہ حرارت مناسب رکھا جاسکے۔کوشش کریں کہ ٹنل میں درجہ حرارت 15 سے 30 درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان رہے۔

پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہو سکتی ہیں اس لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ اندر سے بند کریں تا کہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کے لئے موزوں رہے اور دن میں 10 بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4 بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل شدید سردی/ کورے سے متاثر نہ ہو۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بیلوں والی سبزیوں میں نر اور مادہ پھول الگ الگ ہوتے ہیں اس لیے اس میں اخلاط نسل خود بخود نہیں ہوتا،لہذا کاشتکاریہ کام ہاتھ سے کریں اور ٹنل کے پلاسٹک اتارنے تک اس عمل کو جاری رکھیں کیونکہ پلاسٹک اتارنے کے بعد یہ کام مکھیاں سرانجام دیتی ہیں۔پودوں کی دیکھ بھال کانٹ چھانٹ اور گوڈی وغیرہ کا بھی خاص خیال رکھیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار ٹنل ٹیکنالوجی کے تحت اگائی گئی سبزیوں کی دیکھ بھال سے زیادہ منافع کما سکتے ہیں۔