بزم علم و فن پاکستان (ہزارہ شاخ) کے زیراہتمام ایبٹ آباد میں تین کتابوں کی رونمائی

جمعرات 25 جنوری 2024 17:07

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) بزم علم و فن پاکستان (ہزارہ شاخ) کی خصوصی تقریب ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں تین اہم کتابوں کا تعارف کرایا گیا، ان تین کتابوں کے مصنفین محمد سلیم، ڈاکٹر نصیر احمد ساجد اور راجہ اظہر علی خان تھے۔ تقریب کی صدارت کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے فرمائی، نظامت کے فرائض ڈاکٹر عامر سہیل نے ادا کئے۔

(جاری ہے)

کتاب اور صاحب کے حوالہ سے ڈاکٹر عادل سعید قریشی، محمد شعیب اور امان اﷲ خان امان نے بڑے مفصل اور جامع مقالات پیش کئے۔ احمد حسین مجاہد نے بھی تینوں مصنفین کی پیشہ وارانہ اور ادبی مصروفیات کو اجاگر کیا۔ بزم علم و فن پاکستان کے صدر واحد سراج نے سماج میں کتاب کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کی اور بتایا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ علم و ادب کے حوالہ سے بھی مسلسل کام کرنے کی ضرروت ہے۔ پروگرام کے آخر میں کمشنر ہزارہ ڈویژن نے تینوں مصنفین کے ادبی اور علمی کاموں کو سراہا اور کتابوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں ہزارہ کی اہم علمی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔