کمشنرکپ گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں پانچ میچوں کا فیصلہ ہو گیا

جمعرات 25 جنوری 2024 18:14

کمشنرکپ گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں پانچ میچوں کا فیصلہ ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) ساتویں کمشنر کراچی کپ گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر پانچ میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈگری سائنس کالج نے بحریہ کالج کو 14-12پوائنٹس سے شکست دے دی، ونر ٹیم کی جانب سے مریم نے 14جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے جویریہ نے 8اور رحیمہ نے 4پوائنٹس اسکور کئے۔

دوسرے میچ میں بحریہ کالج نے بی سی پی کالج کو 4-12پوائنٹس سے شکست دے دی، ونر ٹیم کی جانب سے جویریہ نے 8اور رحیمہ نے 4 جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے آمنہ خان نے 4پوائنٹس اسکور کئے۔ تیسرے میچ میں کمس کالج نے ڈگری سائنس کالج کو 6-2پوائنٹس سے شکست دیدی، ونر ٹیم کی جانب سے دانیا نے 2اریشا نے 2 اور جویریہ نے 2جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے مسکان نے 2پوائنٹس اسکور کئے۔

(جاری ہے)

چوتھے میچ میں بی سی پی نارتھ ناظم آباد نے ڈگری گرلز گورنمنٹ کالج کو 2-10پوائنٹس سے شکست دے دی، ونر ٹیم کی جانب سے صائمہ الطاف نے 4،سوہیما نے 4 اور اریبا نے 2جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے مسکن نے 2پواِئنٹس سکور کئے۔ پانچویں میچ میں بی سی پی کالج پی ای سی ایچ ایس نے فاطمہ کالج گرلز چیپٹر کو 9-3سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کی جانب سے اریبا نے 6انوشا نے 3جبکہ زہرہ مجید نے رنر ٹیم کی جانب سے 3پوائنٹس اسکور کئے۔

ان میچوں میں زاہد ملک، نادیہ گلفام، سمینہ خان نے ریفریز جبکہ راحیلہ خان، سلمہ عمران اور یاسمین رشید نے ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض انجام دئیے۔ میچوں کے آغاز پر اسسٹنٹ کمشنر صدر زارہ زاہد سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ ٹورنامنٹ میں بوائز ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب گذشتہ شب انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر سائوتھ کیپٹن الطاف حسین ساریو نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔

ڈپٹی کمشنر سائوتھ نے کہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ ملک میں کھیلوں کے مقابلے زیادہ سے زیادہ ہوں اور میری کوشش ہے کہ ضلع جنوبی میں کھیل کے میدان ہروقت کھلاڑیوں سے آباد رہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ گیمز سے قبل اس کورٹ کی تزئین وآرائش کرادی جائے گی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن اور خصوصا غلام محمد خان کو مبارکباد دی اور اپنی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں غلام محمد خان نے ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی۔