ملتان، پنجاب کالجزمیں تعلیم کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کاانعقاد

جمعرات 25 جنوری 2024 18:17

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن طارق اعوان ،ڈی جی پی ایچ اے آصف رؤف اورڈائریکٹر لیبر رانا جمشید نے کہا ہے کہ پنجاب کالجز تمام قومی وعالمی دنوں کو یاد رکھتا ہے اور ان کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کرتا رہتا ہے جس سے طلبہ کے اندر چھپی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں ،آج آرٹ نمائش سے ثابت ہو گیا کہ یہاں کی طالبات میں کتنی قابلیت ہے اوراساتذہ طالبات کو کس قدرمحنت کراتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پنجاب کالج گرلز کیمپس میں ایجوکیشن کے عالمی دن کے موقع پرطالبات کی بنائی ہوئی تصویروں کی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ،جس میں وقت سے پہلے شادی ٖبچے اوربچیوں سے جبری مشقت و دیگر سٹال لگائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کالج پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ ادارہ تمام طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں میں ہمارے طلباء طالبات سب سے آگے ہیں ،کم عمر بچیوں کی شادیاں اور چھوٹے بچوں سے جبری مشقت کے لیے سخت قانون بنانے چاہئیں اور ان پر سختی سے عمل بھی کرنا چاہیے ،آج ہماری طالبات نے ان دو چیزوں کو زیادہ فوکس کیا ہے ۔

پرنسپل صائمہ فیاض نے کہا کہ ادارہ ہذا طالبات کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہا ہے ،آرٹ نمائش ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔آخرمیں پوزیشن لینے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔