بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے نے اگست تا دسمبر 2023 ء کی مدت کیلئے سفارت خانے کا نیوز لیٹر جاری کر دیا

جمعرات 25 جنوری 2024 22:30

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے نے اگست تا دسمبر 2023 ء کی مدت کے لیے سفارت خانے کا نیوز لیٹر جاری کر دیا۔ نیوز لیٹر میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے رسائی بڑھانے سمیت مختلف سفارتی و سماجی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ بیلجیئم میں پاکستانی سفارت خانے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیوز لیٹر کا اجراء کیا۔

نیوز لیٹر میں ایمبیسیڈر آمنہ بلوچ کے کیریئر ، ان کی یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے تعیناتی اور بیلجیئم کے بادشاہ سے ملاقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جائزہ کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے تارکین وطن کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے عالمی اتحاد سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے 27 سے 28 نومبر 2023 ء تک برسلز کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مضبوط روابط کا ذکر کیا اور غیر قانونی نقل مکانی اور تارکین وطن کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے قانونی راستوں کی ضرورت پر زور دیا۔ اس دورے میں وزیر خارجہ کی ملاقاتوں اور دیگر سرکاری مصروفیات بھی شامل ہیں۔برسلز میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی، پاکستان کے یوم دفاع، پاکستان کے ثقافتی ورثے کا دن، یوم اقبال، یوم سیاہ کشمیر، سائنس ڈپلومیسی نیٹ ورکنگ ایونٹ اور کرسمس کی مناسبت سے خصوصی تقاریب کی روداد بیان کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں او آئی سی کے سفیروں سے روابط، برسلز میں او آئی سی سفیروں کے خصوصی اجلاس میں شرکت اور سفیر کی دیگر ممالک کے سفارت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں اور دیگر سفارتی و سماجی مصروفیات کا احوال بھی بیان کیا گیا ہے۔