کراچی کی تاریخ میں پہلی میراتھن، نوجوان ایتھلیٹ عامر سہیل نے جیت لی

اتوار 28 جنوری 2024 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2024ء) کراچی کی تاریخ میں پہلی میراتھن کا انعقاد ہوا، پہلی بار بین القوامی معیار کی42.2کلومیٹر کی میراتھن ساحل کلفٹن پرنشان پاکستان سے شروع ہوکر اسی مقام پر اختتام پزیر ہوئی۔ اتوار کو منعقد ہونے والی میراتھن نوجوان ایتھلیٹ عامر سہیل نے جیتی،انہوں نے مقررہ 42.4 کلو میٹر کامقررہ فاضلہ 2 گھنٹے 36 منٹ اور 9 سیکنڈز میں طے کیا۔

اسرار خٹک نے دوسری اور عامر عباس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کی میراتھن ماہ نور کے نام رہی۔ 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن حفیظ البرکات نے ایک گھنٹہ اور 17 منٹ اور 12 سیکنڈز میں جیتی۔ میراتھن میں نوجوانوں، خواتین بزرگ اور بچوں کے ساتھ غیر ملکی اور سفارت کار بھی شریک ہوئے۔سندھ کے نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی بھی دوڑنے والوں میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چئیر پرسن رونق لاکھانی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئیں۔ عالمی ایتھلیٹکس فیڈریشن سے منظور شدہ پہلی کراچی میراتھن کے موقع پر چارمختلف دوڑوں کا بھی انعقاد ہوا۔ ان میں 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن،10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑ بھی شامل تھی۔ صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ اور رونق لاکھانی نے میراتھن کے انعقاد کو مثبت سرگرمی قرار دیا اور کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ایسی سرگرمیوں کو فروغ ملنا چاہیے۔

کراچی میراتھن آرگنازر شعیب نظامی نے کہاکہ پہلی مرتبہ کراچی میں اتنی بڑی سطح پر میراتھن کو سب نے مل کر کامیاب بنایا جبکہ اسے بین القوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔سیکیورٹی اداروں اور سندھ حکومت نے بھرپور تعاون کیا۔ اگلے سال کراچی میراتھن کو انٹرنیشنل ایونٹ بنایا جائے گازمیراتھن کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔