رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

پیر 29 جنوری 2024 18:00

رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف دوسرے ..
وشاکھاپٹنم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول انجری مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف 2 فروری سے وشاکھاپٹنم میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں، آل رائونڈر جدیجا پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے جبکہ کے ایل راہول نے بھی جسم میں درد کی شکایت کی تھی۔

بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ مڈل آرڈر بلے باز سرفراز خان، لیفٹ آرم سپنر سوربھ کمار اور آل رائونڈر واشنگٹن سندر کو بھارتی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اترپردیش سے تعلق رکھنے والے سپنر سوربھ نے 24.41 کی اوسط سے 290 فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، وہ اس سے قبل بھی بھارتی سکواڈ کا حصہ رہ چکے ہیں، انہیں 2022ء میں دورہ بنگلہ دیش کیلئے ٹور میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حال ہی میں بھارت اے کی طرف سے انگلینڈ لائنز کے خلاف دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اسی میچ میں سرفراز خان نے 160 بالوں پر 161 رنز کی اننگز کھیل کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ سرفراز خان نے 45 فرسٹ کلاس میچوں میں 14 سنچریوں کے ساتھ 69.85 کی اوسط سے رنز بنا رکھے ہیں۔ واضح رہے رویندرا جدیجا نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 28رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔