چوتھا گنگا چوٹی ونٹرفیسٹیول فروری میں منعقد ہوگا ، محکمہ سپورٹس آزاد کشمیر

بدھ 31 جنوری 2024 22:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) محکمہ سپورٹس ، امور نوجوانان و ثقافت اور آزاد کشمیر ونٹر سپورٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے چوتھا گنگا چوٹی ونٹر فیسٹیول فروری میں منعقد ہو گا، ایونٹ میں پاکستان بھر سے ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر تہذیب النساء نے محکمانہ میٹنگ کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد ونٹر سپورٹس کو فروغ دینا ہے جس سے آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع مہیا ہوں گے، اس حوالہ سے محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈکلچر دیگر محکمہ جات کے اشتراک سے گزشتہ دو سال سے ایونٹ کا انعقاد کر رہا ہے جس میں عوام کی ایک بڑی تعداد ایونٹ سے لطف اندوز ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس،یوتھ اینڈکلچر ملک شوکت حیات خان،ڈائریکٹر سپورٹس، یوتھ اینڈکلچر سردار لیاقت علی خان،ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ اینڈکلچر محمد نعمت اللہ خان،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس افتخار صادق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس،یوتھ اینڈکلچر وقاص احمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس،یوتھ اینڈکلچر مظفرآباد موجود تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس،یوتھ اینڈکلچرنے کہا کہ محکمہ سپورٹس،یوتھ اینڈ کلچر سالانہ سپورٹس کیلنڈر پر بھر پور عملدرآمد کرے گااور اسی کیلنڈر کے تحت ونٹر سپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔اس ایونٹ میں سکی،سنو بورڈنگ، آئس ہاکی، سکی میراتھن کے مختلف مقابلے منعقد کئے جائیں گئے۔ سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ آزادکشمیر میں ونٹر سپورٹس سرگرمیوں کے لیے بہترین مقامات موجود ہیں جن میں گنگا چوٹی، اڑن کیل، پیر چناسی، تولی پیرشامل ہیں، جن پر مقامی سطح کے اتھلیٹ کوتکنیکی ماہرین سے باقاعدہ کوچنگ کروائی جائے گی تاکہ آزادکشمیر کے نوجوان ایتھلیٹ بھی ونٹر سپورٹس مقابلہ جات میں حصہ لے سکیں ۔

میٹنگ کے اختتام پر سیکرٹری سپورٹس،یوتھ اینڈکلچرنے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ ونٹر سپورٹس ایونٹ کے انعقاد کے لئے ونٹر سپورٹس ایسوسی ایشن، دیگر محکمہ جات اور محکمہ سیاحت سے خصوصی طور پر کوآرڈنیشن رکھتے ہوئے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔