وزیراعلی محسن نقوی نے راولپنڈی میٹرو بس کے سسکتھ روڈ سٹیشن،جمخانہ اور علامہ اقبال ای لائبریری کا افتتاح کردیا

ہفتہ 3 فروری 2024 22:50

وزیراعلی محسن نقوی نے راولپنڈی میٹرو بس کے سسکتھ روڈ سٹیشن،جمخانہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2024ء) وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میٹرو بس کے سسکتھ روڈ سٹیشن،جمخانہ اور علامہ اقبال ای لائبریری کا افتتاح کر دیا۔ 9 مئی کے جلاو گھیراوکے واقعات میں سسکتھ روڈ میٹروسٹیشن کو نقصان پہنچایا گیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر سٹیشن کی مرمت و تزئین و آرائش کی گئی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سسکتھ روڈ میٹروسٹیشن کا دورہ اورٹکٹ کاونٹر پر موجود عملے سے گفتگو کی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے میٹرو سٹیشن کی بحالی کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سسکتھ روڈسٹیشن سے روزانہ 10 ہزار شہری میٹرو بس سروس استعمال کرتے ہیں۔ 100 ملین روپے سے مرمت و تزئین و آرائش کرکے سٹیشن کو مسافروں کے لئے دوبارہ کھولا گیا ہے۔ میٹرو سٹیشن کی مرمت اور تزئین و آرائش 45 دنوں میں مکمل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

میٹرو سٹیشن پر الیکٹرک کنٹرول پینلز، مین پاور سپلائی، نئی لائٹس اور پنکھے لگائے گئے ہیں۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے راولپنڈی جم خانہ میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور سنوکر کھیلی۔ صوبائی وزرا،چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور سیکرٹریز نے بھی سنوکر اور ٹیبل ٹینس کھیلی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جمخانہ کے تعمیراتی معیار اور سہولتوں کی تعریف کی اور کہا کہ تعمیر میں حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا۔ کھیلوں کے تمام کورٹس کے علاوہ لائبریری اور ریسٹورنٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے اپ گریڈڈ علامہ اقبال ای لائبریری لیاقت باغ کا دورہ کیا، لائبریری میں مطالعے کے لئے آئے طلبا سے گفتگو کی اورسہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ آپ محنت سے پڑھائی کریں۔ لائبریری میں کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ نیٹ کی سہولت موجود ہے۔ای سسٹم کے ذریعے طلبا و طالبات جدید علوم سے آراستہ ہوسکیں گے۔

مقابلوں کے امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات کے بیٹھنے کے لیے الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔ لائبریری میں 50 ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں جن میں سے تقریبا 800 کتب مقابلے کے امتحانات کے لئے ہیں۔ صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، ڈاکٹر جمال ناصر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری صحت،سیکرٹری صنعت، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔