نگران وزیراعظم سے یو اے ای کے وزیربرائے فارن ٹریڈ ڈاکٹر تھانی بن احمد الزیئودی کی ملاقات

ہفتہ 3 فروری 2024 23:03

نگران وزیراعظم سے یو اے ای کے وزیربرائے فارن ٹریڈ ڈاکٹر تھانی بن احمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ معاشی و سرمایہ کاری شعبوں میں عرب امارات کی جانب سے پاکستان کیلئے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی ،سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے ،ریلوے کنیکٹوٹی بارے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے فارن ٹریڈ ڈاکٹر تھانی بن احمد الزیئودی نے ملاقا ت کی ،ملاقات میں نگران وفاقی وزیر برائے بحری امور شاہد اشرف تارڑ، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے میرے حالیہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 1.8 ملین پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ریلوے کنیکٹوٹی کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط میں اضافہ ہو سکے۔