رضوان قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں : شاہین آفریدی

رضوان کو ہم سب جنتی بندہ کہتے ہیں، وکٹ کیپر بیٹر کی وجہ سے ٹیم میں سب باجماعت نماز پڑھتے ہیں : کپتان قومی ٹی ٹونٹی ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 5 فروری 2024 17:07

رضوان قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں : شاہین آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 فروری 2024ء ) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو ٹیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پر فینز سے گفتگو کے خصوصی سیشن میں شاہین آفریدی نے کہا کہ محمد رضوان ایک مختلف قسم کے انسان ہیں ، ٹیم میں انہیں سب ’جنتی‘ کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضوان کی وجہ سے ٹیم میں سب باجماعت نماز پڑھتے ہیں، وہ ٹیم میں ہر ایک کیلئے مددگار ہیں، ٹیم میں کسی کو کوئی بھی مشورہ چاہیے ہو تو وہ رضوان کے پاس جاتا ہے۔

شاہین نے بتایا کہ رضوان کو پاکستان ٹیم کیلئے ریڑھ کی ہڈی کہا جاسکتا ہے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی شادیوں کے حوالے سے شاہین آفریدی نے کہا کہ رضوان نے میرے لیے دل سے دعا کی تھی کہ میری جلدی شادی ہوجائے اور اس کے بعد واقعی میری شادی ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایک سالہ ازدواجی تجربے سے متعلق شاہین آفریدی نے بتایا کہ اللہ پاک کا کرم ہے سب بے حد اچھا رہا، شادی شدہ زندگی بے حد اچھی جارہی ہے اور ایک سال کیسے گزرا مجھے پتا ہی نہیں چلا ، اللہ پاک نے مجھے ایسی شریک حیات دی جو ہمیشہ مجھے سپورٹ کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے سب سے زیادہ فیورٹ باولر میرے بڑے بھائی ریاض آفریدی ہیں، بڑے بھائی کے بعد وسیم اکرم اور وقار یونس میرے آل ٹائم فیورٹ باولر ہیں ، پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، حارث روف کو یہی کہتا ہوں کہ جب باولنگ کرو تو اپنے بالوں کو نہ کھینچا کرو ، محمد عامر اور نسیم شاہ دونوں سکل فل باولر ہیں ، دونوں کو میں جج نہیں کرسکتا،عامر بھائی بہت سینئیر ہیں دونوں بہترین ہیں۔