آصف مینگل کاپی بی 43 سے نسیم الرحمن ملا خیل کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان

پیر 5 فروری 2024 22:59

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2024ء) سنی علماء کونسل بلوچستان اور پاکستان راہ حق پارٹی کے مشترکہ امیدوار قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 44 سے مشترکہ امیدوار مولانا محمد رمضان مینگل نے کہا ہے کہ ہم نے علاقے کی بہتری کو ملحوظ خاطر رکھ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور حلقہ پی بی 43 سے نامزد امیدوار نسیم الرحمن ملا خیل کے حق میں پاکستان راہ حق پارٹی کے امیدوار حلقہ پی بی 43 آصف مینگل کو دستبردار کرنے کا اعلان کرتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو نسیم الرحمن ملا خیل، مولانا عبدالرحیم ساجد و دیگر کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی ۔ مولانا رمضان مینگل نے کہاکہ کوئٹہ ہمارا شہر ہے ہم نے اس کی بہتری اور اپنے لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ماضی کے حکمرانوں نے اپنے حلقوں سمیت کوئٹہ اور بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرنے اور لوگوں کی مشکلات کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا اس لئے عوام آزمائے ہوئے لوگوں کو آزمانے کی بجائے نئے لوگوں کو موقع دیں ہم حلقے کے بہتر مفاد کے لئے پاکستان راہ حق پارٹی کے حلقہ پی بی 43 سے امیدوار آصف مینگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی بی 43 سے نامزد امیدوار نسیم الرحمن ملا خیل کے حق میں دستبردار کیا ہے ہمارے ووٹر اور سپورٹر ان کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے حلقہ پی بی 43 سے نامزد امیدوار نسیم الرحمن ملا خیل نے سنی علماء کونسل بلوچستان ، پاکستان راہ حق پارٹی کے رہنمائوں مولانا محمد رمضان مینگل اور دیگر رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرے حق میں اپنے امیدوار دستبردار کراکر دانشمندانہ اور بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے اور میری پوزیشن پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے اور عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنائوں گا۔