وزیراعلی پنجاب نے ایف ڈی اے سٹی میں سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیا

منگل 6 فروری 2024 22:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) ایف ڈی اے سٹی میں مختلف کھیلوں و تفریح کے منصوبے سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کردیاگیا ، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مثالی حیثیت کے حامل اس سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور اس کے مختلف حصوں کادورہ بھی کیا۔ صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، مشیر وہاب ریاض، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان، چیئرمین پی اینڈڈی افتخار سہو، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات سہیل اشرف اوردیگر اعلیٰ حکام سمیت کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، آر پی او عابد خان، ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ، ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

سپورٹس کمپلیکس میں مختلف ان ڈور گیمز کی شاندار سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں مردو خواتین کیلئے عالمی معیار کے الگ الگ سوئمنگ پولز اور جمیزیم بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ کے دوران سپورٹس کمپلیکس کے تکمیلی مراحل، ان ڈور گیمز کی دستیاب سہولیات،انتظام و نصرام کی حکمت عملی اور مستقبل میں اس کے توسیعی منصوبوں کے بارے میں بتایا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جمنازیم،سوئمنگ پولز، بیڈمنٹن، سکوائش، لانگ ٹینس و دیگر ان ڈور گیمز کیلئے تیار کردہ کورٹس، ٹیبل ٹینس اور سنوکر رومز کا معائنہ کرتے ہوئے ان کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور کہاکہ جمنازیم میں ایکسرسائز کے لئے جدید مشینوں کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے اس موقع پر صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام کے ساتھ سنوکر،بیڈمنٹن اور لانگ ٹینس بھی کھیلی اور شائقین کے لئے خوشگوار ماحول میں کھیلوں کی عمدہ و معیاری سہولیات کوقابل ستائش قراردیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ صحت مند سرگرمیوں کے اس گرانقدر منصوبے کی عمدہ شناخت، انفرادیت اور اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے جو کہ مستقبل میں کھیلوں و تفریحی سہولیات کے اعتبار سے عظیم ادارہ بنے گا اور کئی صدیوں تک آئندہ نسلیں اس سے مستفید ہو سکیں گی۔بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سپورٹس کمپلیکس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بریفنگ کے دوران سپورٹس کمپلیکس کی تکمیل کیلئے مزید فنڈز فراہم کرنے پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ ان کی معاونت و تحریک پر کھیلوں و تفریح کا یہ گرانقدر منصوبہ مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ستائیس کنال رقبہ پر مشتمل اس سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز کیلئے پائیدار کورٹس قائم کئے گئے ہیں جبکہ1450فٹ طویل جوکنگ ٹریک کے علاوہ وسیع پارکنگ ایریا، کینٹین اور اوپن گرین ایریا بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے مستقبل میں سپورٹس کمپلیکس کے توسیعی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایاکہ سپورٹس کمپلیکس کا انتظام و نصرام کمشنرفیصل آباد کی سربراہی میں تشکیل کردہ مینجمنٹ کمیٹی کے زیر نگرانی چلایا جائیگا جبکہ شائقین کیلئے فوری طور پر ممبرشپ کا آغاز بھی کیاجارہاہے۔