صوبائی سیکرٹری بلوچستان محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کا محکمہ جنگلات لسبیلہ کا تفصیلی دورہ

منگل 6 فروری 2024 21:50

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) صوبائی سیکرٹری بلوچستان محکمہ جنگلات و جنگلی حیات عبد الرؤف بلوچ نے محکمہ جنگلات لسبیلہ کا تفصیلی دورہ کیاہے، دورہ میں انہوں نے ٹین بلین سونامی پروجیکٹ کے تحت چلنے والی مینگروز اور دیگر پودوں کا معائنہ کیا، اس دوران انہوں نے تیمر کا پودا بھی لگایااور اس کے علاوہ ڈپٹی کنزرویٹر آف فارسٹ کے آفس میں بھی پودا لگایا اورپلانٹیشن کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر کنزرویٹر آف کوسٹل فارسٹ حافظ محمد جان جمالی، ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ لسبیلہ خلیل الرحمٰن کھوسہ اور ڈپٹی کنزرویٹر آف فارسٹ ہنگول نیشنل پارک لسبیلہ شیر احمد کرد بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مینگروز کے پودوں کی افادیت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مینگروز پودےساحلی علاقوں میں قدرتی رکاوٹوں کے طور پر کام کرتے ہیں، ساحلی پٹیوں کو کٹاؤ اور طوفان کے نقصان سے بچاتے ہیں اور حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ مینگروز پودےکاربن ڈائی آکسائڈ کو مؤثر طریقے سے ذخیرہ کرتے ہیں جو گرین ہاؤس گیسوں کی تعداد کو کم کرکے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مینگروزپودے سمندری اور دریائی پانی میں قدرتی فلٹر کے طور پر کام کرتے ہیں،مینگروز پودوں کے معاشی فوائد بھی بیشمار ہیں ،مینگروزپودے آب و ہوا کی تبدیلی کے ساتھ موافقت جس میں سطح سمندر میں اضافے اور طوفانوں کے اضافے سے تحفظ فراہم کرکے کمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مطابق ڈھالنے میں مدد کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ میگروزپودے مختلف جانداروں جس میں موسمی جاندار بھی شامل ہیں کے لیے رہائش اور خوراک کے ذرائع فراہم کرتے ہیں اور بارشوں کے بر سانے کا سبب بنتے ہیں، مینگروز شجر کاری مہم فطرت کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک سنہری موقع ہے، مینگروز کے جنگلات مختلف النوع آبی حیات بشمول مچھلیوں، کیکڑے ،جھینگوں اورسمندر میں رہنے والے دیگر جانداروں، پودوں اور حیاتیات کیلئے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں ،انہوں نے عوام الناس سے استدعا کی کہ وہ بلوچستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

\378