ٓ صوبائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات عبد الرؤف بلوچ نے محکمہ جنگلات لسبیلہ کا تفصیلی دورہ

مینگرووز ساحلی علاقوں میں قدرتی رکاوٹوں کے طور پر کام کرتے ہیں، ساحلی پٹیوں کو کٹاؤ اور طوفان کے نقصان سے بچاتے ہیں،خلیل الرحمن

منگل 6 فروری 2024 22:55

لسبیلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2024ء) صوبائی سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات عبد الرؤف بلوچ نے محکمہ جنگلات لسبیلہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ جس میں انہوں نے ٹین بیلین سونامی پروجیکٹ کے تحت چلنے والی مینگروز اور دیگر پلانٹیشن کا معائنہ کیا اس دوران انہوں نے تیمر کا پودا بھی لگایااور اس کے علاوہ ڈپٹی کنزرویٹر آف فارسٹ کے آفس میں بھی پودا لگایا۔

پلانٹیشن کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایت بھی جاری کی۔ اس موقع پر انکے ہمراہ کنزرویٹر آف کوسٹل فارسٹ حافظ محمد جان جمالی،ڈپٹی کنزرویٹر آف فارسٹ لسبیلہ خلیل الرحمٰن کھوسہ اور ڈپٹی کنزرویٹر آف فارسٹ ہنگول نیشنل پارک لسبیلہ شیر احمد کرد بھی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے مینگروزفارسٹ کی افادیت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مینگرووز ساحلی علاقوں میں قدرتی رکاوٹوں کے طور پر کام کرتے ہیں، ساحلی پٹیوں کو کٹاؤ اور طوفان کے نقصان سے بچاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مینگرووز مختلف قسم کے پودوں اور جانوروں کی انواع کے لیے اہم مسکن فراہم کرتے ہیں، جو حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ مینگرووز کاربن ڈائی آکسائڈ کو مؤثر طریقے سے ذخیرہ کرتے ہیں، جو گرین ہاؤس گیسوں کی تعداد کو کم کرکے موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مینگرووز سمندری اور دریائے پانی میں قدرتی فلٹر کے طور پر کام کرتے، مینگروز کے معاشی فوائد بھی بیشمار ہیں، مینگروز آب و ہوا کی تبدیلی کے ساتھ موافقت جس میں سطح سمندر میں اضافے اور طوفانوں کے اضافے سے تحفظ فراہم کرکے کمیونٹیز کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مطابق ڈھالنے میں مدد کرتے ہیں یہ مختلف جانداروں جس میں موسمی جاندار بھی شامل ہیں کے لیے رہائش اور خوراک کیذرائع فراہم کرتے ہیں، یہ زمین کو سیلابوں، زلزلوں کی شدت سے کسی حد تک بچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، زمین کو برودگی سے محفوظ رکھتے ہیں اور بارشوں کے بر سانے کا سبب بنتے ہیں۔

مینگروز شجر کاری مہم فطرت کے ساتھ تعلق کو مضبوط کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔مینگروز کے جنگلات مختلف النوع آبی حیات بشمول مچھلیوں کیکڑے جھینگوں سمندر میں رہنے والے دیگر جانداروں، پودوں اور حیاتیات کیلئے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے استدعا کی کہ وہ بلوچستان کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔