یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کا سالانہ جنرل اجلاس،

عبدالغفار ملک کو یوتھ ونگ کا نیا صدر نامزد کر دیا

M.Irfan Shafiq محمد عرفان شفیق بدھ 7 فروری 2024 14:02

یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کا سالانہ جنرل اجلاس،
کویت(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7فروری۔2024ء) اسلامک ایجوکیشن کمیٹی یوتھ ونگ کا سالانہ جنرل اجلاس کویت کے علاقہ فروانیہ میں منعقد ہوا، جس میں یوتھ ونگ کے ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمپئیرنگ نائب صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی ذیشان علی نےکی اور عمدگی سے پروگرام کو پیش کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت بدر اخلاق نے حاصل کی۔

سابق صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت برادر نوید پاشا نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے میں اس کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کی تنظیمِ نو کےبارے میں گفت و شنید کی گئی، جس میں یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے اپنے کام کو بہتر انداز میں سرانجام دینے کے لیے اپنی قیمتی آراء و تجاویز پیش کیں۔

(جاری ہے)

مرکزی مجلسِ عاملہ کی جانب سے جناب برادر عبد الغفار ملک کو سال 2024 کے لیے یوتھ ونگ کا نیا صدر نامزد کیا گیاہے۔

یوتھ ونگ کے تمام اراکین نے مرکزی مجلسِ عاملہ کے فیصلوں کی بھر پور تائید کی اور نئی قیادت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ یوتھ ونگ کی نئی قیادت اور تمام اراکین نے عہد کیا کہ وہ اپنےاکابرین کی طرف سے دیے گئے اقامتِ دین کے فریضہ اور فلاح انسانیت کی خدمت، کویتی قوانین کا احترام اور کویت میں پاکستانی حُب الوطنی کے راستے پر چلتے ہوئے اس مشن کو جاری و ساری رکھیں گے اور اپنی تمام تر توانائیاں اس مقصد کے لیے صرف کردیں گے۔

مرکزی صدر یوتھ ونگ عبدالغفار ملک نے مرکزی مجلسِ عاملہ کے فیصلے کی تائید اور اراکین یوتھ ونگ کی طرف سے مکمل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر یوتھ ونگ ‎عبدالغفار ملک نے یوتھ کے سلوگن (امید بنو تعمیر کرو سب مل کر پاکستان کی)، وقت کی اہمیت، کامیابی کے اصول پر مفصل بات رکھی۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ عام لوگ نہیں ہو بلکہ انتہائی خاص لوگ ہو جس کا ذکر الله تعالی نے سورة شوری کی آیت 13 میں صاحبِ شریعت رسولوںٌ کا مشن بتایا تو ایک معجزانہ بات بھی اسی آیت میں کہی۔

کہ جب عین نوجوانی میں، جبکہ ہر طرف مادیت، لذت پرستی کا دور دورہ ہو، جذبات کا رخ ہر چمکتی چیز کی طرف بھاگے جا رہا ہو اور ایسے میں کوئی نوجوان الله تعالی کی طرف سے عطا کردہ اس مشن یعنی ”اقیمو الدین“ کی ذمہ داری اٹھا لے تو اس سے بڑی سعادت دنیا و آخرت کے اعتبار سے کیا ہو سکتی ہے؟ اسی آیت میں الله تعالی نے مشن اقامت دین کا بیڑا اٹھانے والوں کو انتہائی پُرمحبت طریقے سے ایک اعزاز سے نوازا۔

الله تعالی فرماتے ہیں کہ اگرچہ یہ انسانی معاشروں میں کیا جانے والا سخت ترین و مشکل ترین کام ہے اللَّهُ يَجْتَبِي إِلَيْهِ مَنْ يَشَاءُ وَيَهْدِي إِلَيْهِ مَنْ يُنِيبُ لیکن جسے الله تعالی چاہتا ہے اس مشن کیلئے چن لیتا ہے اور آپ وہ چنے ہوئے لوگ ہیں۔ یہ سعادت دور حاضر میں یوتھ ونگ کو ملی ہے جس پر جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے اور جتنی کوشش اس راہ میں لگا دی جاۓ کم ہے کیونکہ رسولوں کی یہی سنت ہے۔

انہوں نے کام کو موثر بنانے کے لیے کویت کے مختلف علاقوں میں ممبران یوتھ ونگ کے باہمی مشورے سے ذمہ داریاں تفویض کیں، جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔ مرکزی نائب صدر یوتھ ونگ چوہدری افضل اور ذیشان علی ہوں گے۔ حولی و سالمیہ چیپٹر کے صدر ڈاکٹر اختر منیر جبکہ نائب صدر ‎عابد نعیم اور سیکرٹری عثمان جاوید ہونگے۔ خیطان چیپٹر کے صدر ذیشان علی جبکہ نائب صدر زاہد خادم اور سیکرٹری زاہد اقبال ہونگے۔

فروانیہ چیپٹر کے صدر کے ڈاکٹر احسن جبکہ نائب صدر حسن ارشد چوہدری اور سیکرٹری‎ امتیاز بھٹی ہونگے۔ جلیب الشیوخ چیپٹر کے صدر چوہدری محمد افضل جبکہ نائب صدر بدر اخلاق اور سیکرٹری ابراہیم شریف ہونگے۔ فحاحیل چیپٹر کے صدر شہزاد اور نائب صدر خفیظ الرحمن ہونگے۔ میڈیا کے ذمہ دار عرفان آمین اور لیاقت علی بٹ، سپورٹس کے ذمہ دار فیصل کیانی اور عبدالله شریف جبکہ طعام کمیٹی کے ذمہ دار عابد نعیم ہونگے۔

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے قائمقام صدر جاوید اقبال نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں اور انھوں نے سورہ الکہف کی روشنی میں نوجوانوں کو اپنے رب کیساتھ مضبوط ربط اور اقامت دین کے علم کو بلند کرنے کی اہمیت اور ضرورت پر پُرمغز خطاب کیا۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن عباسی نے ‎پروگرام کے آخر میں حکومت کویت، پاکستان کی سلامتی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ‎اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران یوتھ ونگ میں عبدالغفار ملک (صدر)، ذیشان علی (نائب صدر)، محمد افضل (نائب صدر)، رفاقت علی، سکندر اعظم، عبدالله شریف، بدر اخلاق، زاہد اقبال، شاہداقبال، امتیاز بھٹی، حسن ارشد، ڈاکٹر اختر منیر، ڈاکٹر احسن، طارق محمود، طحہ رفعت، عاصم شہزاد، محمد راحیل، شہزاد صابر، زاہد خادم، محمدوقاص، ڈاکٹر ساجد عبد الرحمان، ڈاکٹربشیرحماد، اول خان، شہزاد خان اور عابد نعیم شامل تھے۔

پروگرام کے اختتام پر پُرتکلف ظہرانہ سے اراکین کی تواضع کی گئی۔

متعلقہ عنوان :