سعودی وزارت حج وعمرہ کی حج 2024 کے خواہشمند افراد کے لیے رجسٹریشن کی شرائط واضح

پیر 12 فروری 2024 17:22

سعودی وزارت حج وعمرہ  کی حج 2024 کے   خواہشمند افراد کے لیے رجسٹریشن کی ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2024 کے خواہشمند ملکی اور غیرملکیوں افراد کے لیے رجسٹریشن کی شرائط واضح کر دی ہیں۔سعودی وزارت حج نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر تفصیلات جاری کی ہیں جس کے تحت سعودی شہری کا شناختی کارڈ اور اگر غیرملکی ہے تو اس کا اقامہ ذی الحجہ کے آخر تک کارآمد ہونا ضروری ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ گردن توڑ بخار اور موسمی انفلوائنزا کی ویکسینیشن مکمل ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی متعدی مرض کا شکار نہ ہو اور لاعلاج امراض میں سے کسی میں مبتلا نہ ہو۔حج پر جانے والے کی عمر 15 سال سے کم نہ ہو جبکہ عمر کا تعین ہجری کیلنڈر سے کیا جائے گا۔وزارت کے مطابق پہلی مرتبہ حج کا ارادہ کرنے والے پہلی ترجیح ہوں گے۔ اس شرط سے حج کا ارادہ کرنے والی ایسی خاتون کا محرم مستثنی ہوگا جس نے پہلے کبھی حج نہ کیا ہو یا پہلے حج پر پانچ سال ہوچکے ہوں۔وزارت حج کا کہنا ہے انفرادی گروپ میں شامل افراد کی انتہائی حد 14 ہے۔ اس سے زیادہ افراد کو ایک گروپ میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔