سیاسی قیادت کا آنا جانا لگا ہوا ہے، مختلف سیاسی قائدین نے ہمیں عزت دی ہے ، چوہدری شجاعت حسین

بدھ 14 فروری 2024 17:59

سیاسی قیادت کا آنا جانا لگا ہوا ہے، مختلف سیاسی قائدین نے ہمیں عزت ..
اسلام ا ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2024ء) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کا آنا جانا لگا ہوا ہے ۔ مختلف سیاسی قائدین نے ہمیں عزت دی ہے کہ وہ بڑے مقصد کے لئے ہمارے گھر میں اکٹھے ہوئے ہیں۔ ملک کے مفاد میں سب کو متحد ہو کر چلنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق سے ملاقات کے بعد انکے ہمراہ میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔

انہوں نے کہا سیاسی قیادت کا آنا جانا لگا ہوا ہے ۔ مختلف سیاسی قائدین نے ہمیں عزت دی ہے کہ وہ بڑے مقصد کے لئے ہمارے گھر میں اکٹھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا اعجاز الحق نے ہم سے تھوڑا وقت مانگا ہے ۔ یہ اپنی پارٹی سے مشورہ کریں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کو بھی ساتھ لے کر چلنے کے لئے اس سے رابطے میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں سے انفرادی نہیں پارٹی کی سطح پر مشاورت جاری ہے ۔

اس موقع پر اعجاز الحق نے کہا چوہدری شجاعت حسین کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دینے آیا تھا یہ میرے مشکل وقت کے ساتھی ، ہمارے بزرگ اور بھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا چوہدری شجاعت حسین نے مجھے ایک گروپ میں رہنے کی دعوت دی ہے ۔ میں نے اپنی پارٹی سے مشاورت کرکے جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے ہم سب کو ملکر چلنا ہوگا ۔

جنرل ضیا الحق کا بیٹا بھٹو کے نواسے کے ساتھ بیٹھے گا کے سوال پر اعجاز الحق نے کہا ہمارا نظریاتی اختلاف ہے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف سے بھی رابطے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوہزار تیرہ میں بھی حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سپورٹ کیا۔ آئندہ بھی ذاتی مفاد کے بجائے ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوے سب کے ساتھ ملکر آگے بڑھیں گے ۔