ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی زیرصدارت حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 15 فروری 2024 20:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2024ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد خالد حیدر شاہ کی زیر صدارت ڈی سی کیمپ آفس سہون میں عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے سالانہ 772 ویں تین روزہ عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس منعقد ہو ا۔ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ عرس مبارک میں چاروں صوبوں سمیت بیرون ممالک سے بھی زائرین آتے ہیں، جن کے لیے پانی کی سبیلوں سمیت صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے میڈیکل کیمپس اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایاجائے۔

اجلاس میں ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس مبارک پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا ،جس کے لیے 5 ہزار پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکار بھی سہون میں تعینات کیے جائیں گے جبکہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سکیورٹی امور کی نگرانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جامشورو علی ذوالفقار میمن، ایس ایس پی جامشورو طارق نواز، سہون سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی، ڈی ایچ او جامشورو ڈاکٹر امام دین کھوسو، رینجرز، پاک نیوی ، محکمہ اوقاف، ریونیو، موٹروے پولیس، ہائی ویز، واپڈا سپیشل برانچ، پی پی ایچ آئی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں کمشنر حیدرآباد سید خالد حیدر شاہ نے ڈی آئی جی حیدرآباد طارق زراق دھاریجو کے ہمراہ درگاہ حضرت لال شہباز قلندرؒ کی مزار پر حاضری دی اور سکیورٹی ودیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔