گیس کے بلوں نے ہر گھر کو آگ لگا دی ہی:خرم نوازگنڈاپور

جمعرات 22 فروری 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ گیس کے بلوں نے ہر گھر کو آگ لگا دی ہے۔دو کمروں کے گھروں کو بھی 40سے 50ہزار بل آ رہے ہیں۔حکمران خدا کا خو ف کریں،بیوروکریسی اور حکمرانوں کی عیاشیوں کی قیمت قوم کب تک ادا کرتی رہے گی۔کمر توڑ مہنگائی میں عام آدمی سوئی گیس اور بجلی کا بھاری بل ادا نہیں کر سکتا۔

انہوں نے گیس کی قیمتوں میں2سو فی صدتک اضافے کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ اضافہ کو فوری واپس لیا جائے۔غریب دشمن پالیسیوں نے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپورنے فارما سیوٹیکل کمپنیوں کو اپنی مرضی کی قیمتوں پر ادویات فروخت کرنے کی اجازت دینے کے نوٹیفکیشن پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان میں پہلے ہی ادویات کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے باہر ہیں۔

(جاری ہے)

جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حکمران عوام کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی بجائے ادویات ان کی پہنچ سے دور کررہے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔ علاج عام آدمی کی پہنچ سے پہلے ہی دور ہو چکا ہے جبکہ ایسے میں فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو من مانی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دینا عوام کے ساتھ ایک اور ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہزاروں ادویات کی قیمتیں مزید بڑھ کر آسمان کو چھونے لگیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فیصلے پر فوری نظر ثانی کرے اور عوام کو فارماسیوٹیکل مافیاز کے حوالے نہ کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکمران ظلم، ناانصافی اور مہنگائی سے ستائے غریب عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے اودیات کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکے۔ ادویات ساز کمپنیوں کو غریب مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دینا کسی طور پر بھی مناسب فیصلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگی کو آسان بنانا ہی حکومت کا بنیادی مقصد ہوتا ہے۔ بہتر ہو گا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ بلاتاخیر واپس لیا جائے۔