گلوکارہ شازیہ منظور کا لائیو شو میں کامیڈین پر تشدد

ہفتہ 24 فروری 2024 12:33

گلوکارہ شازیہ منظور کا لائیو شو میں کامیڈین پر تشدد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2024ء) بتیاں بجائی رکھ دی اور چن میرے مکھناں کے گانے سے مشہور ہونے والی لیجنڈری پاکستانی گلوکارہ شازیہ منظور نے جگت مارنے پر لائیو شو کے دوران کامیڈین شیری ننھا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔شازیہ منظور نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں گلوکارہ نے کامیڈین شیری ننھا کو ان کیساتھ نامناسب انداز میں بات کرنے پر تھپڑ رسید کیا۔

شازیہ منظور نے کامیڈین کو تھپڑ مارتے ہوئے کہا کہ میں نے پچھلی بار بھی ان کی نامناسب جگت کو مذاق کہہ کر عوام کے سامنے پیش کیا تھا لیکن اس بار میں سنجیدہ ہوں، آپ خواتین کیساتھ اس طرح کی بات کیسے کرسکتے ہیں گلوکارہ نے کامیڈین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ تم مجھ سے ہنی مون کی بات کررہے ہیں، تم خواتین سے اس طرح بات کرتے ہو تمہیں شرم نہیں آتی ۔

(جاری ہے)

شازیہ منظور کا غصہ دیکھ کر میزبان محسن عباس حیدر نے کامیڈین شیری سے کہا کہ تم اپنے پاس سے جگتیں کیوں مارتے ہو تمہیں کتنی بار بولا ہے کہ جو اسکرپٹ میں لکھا ہو صرف وہی بولا کرو۔محسن عباس حیدر کی بات سن کر کامیڈین شیری نے روتے ہوئے کہا کہ گلوکارہ غصہ کر گئی ہیں، ان کو معلوم ہے کہ میں ایک آرٹسٹ ہوں، پھر بھی اس طرح غصہ کررہی ہیں۔شازیہ منظور کے اس رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے تبصرے کیے جارہے ہیں، کچھ صارفین نے کہا کہ گلوکارہ نے بالکل ٹھیک کیا جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں کامیڈین شیری ننھا کی عزت کرنی چاہیے تھی۔