سوڈانی سفیر کا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ

سوڈان ہر شعبے میں پاکستان کیساتھ ترقی پسند، نتیجہ خیز اور طویل مدتی روابط کا خواہاں ہے‘ محمد صالح احمد محمد صدیق

ہفتہ 24 فروری 2024 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2024ء) سوڈانی وفد نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیا ۔ سوڈان کے سفیر ایچ ای صالح محمد احمد محمد صدیق نے قونصل امجد حیدر کے ہمراہ یو ای ٹی لااہور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات سے ملاقات کی۔ سوڈان ہر شعبے میں پاکستان کے ساتھ ترقی پسند، نتیجہ خیز اور طویل مدتی روابط کا خواہاں ہے اور اسی سلسلہ میں سوڈانی قونصل خانہ فیکلٹی اور طلبا کے باہمی تعاون اور تحقیق کے تبادلے کے لئے یو ای ٹی لاہور اور سوڈانی یونیورسٹیوں کے مابین روابط استوار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار سوڈانی سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے وی سی ڈاکٹر ناصر حیات کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ غیر ملکی طلبا کی تعداد میں اضافہ کریں جبکہ پہلے ہی مختلف ممالک سے طلباو طالبات یو ای ٹی لاہور میں زیر تعلیم بھی ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ یو ای ٹی انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے اعلی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر نے سوڈانی سفیر کو یادگاری شیلڈ سے نوازا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، کنوینر ایڈمشن کمیٹی ڈاکٹر عاصم لون اور فوکل پرسن انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس ڈاکٹر آمنہ بھی موجود تھیں۔