کامسٹیک اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کا او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنس اور تعلیمی سفارتکاری کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 24 فروری 2024 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2024ء) کامسٹیک اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی) نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے درمیان سائنس اور تعلیمی سفارتکاری کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی) او آئی سی کے رکن ممالک کے اسکالرز کو تعلیمی وظائف فراہم کرے گا جو کامسٹیک کی مدد سے استعداد کار بڑھانے، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی پر توجہ مرکوز کریں گے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور یو ایم ٹی کے ریکٹر ائیر وائس مارشل (ر) ڈاکٹر آصف رضا نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے نمائندگان نے او آئی سی کمیونٹی میں سائنسی تعاون اور تعلیمی اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔