پنجاب میں 4650 ایکڑ رقبہ پرکھیرا کاشت کرکے اوسطاً252 من فی ایکڑ کے حساب سے پیداوار حاصل کی گئی،خالد اقبال

بدھ 28 فروری 2024 13:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2024ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے بتایا کہ پنجاب میں 4650ایکڑ رقبہ پرکھیرا کاشت کرکے اوسطاً252 من فی ایکڑ کے حساب سے پیداوار حاصل کی گئی تاہم اگر جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا ئے تو فی ایکڑ پیداوار میں40 سے50 من اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیرے کی اگیتی کاشت مارچ اور پچھیتی جولائی میں کی جاسکتی ہے لہٰذامارچ کاشتہ فصل کےلئے کاشتکار ایک ایکڑ رقبہ کےلئے کھیرے کا ایک کلو گرام صحت مند بیج استعمال کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایاکہ کھیرے کی کاشت کے لئے ذرخیز میرازمین موزوں ہوتی ہے لہٰذاکلراٹھی اور شور زدہ زمین میں کھیرے کی کاشت سے گریز کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کھیرے کی فصل معتدل اور خشک آب و ہوا کو پسند کرتی ہے جبکہ ہوامیں نمی کی زیادتی سے پھپھوند کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہوتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ بہترین اگاؤ کےلئے درجہ حرارت 18سے24 ڈگری سینٹی گریڈ اور بہتر نشوونما کےلئے 27سے35 ڈگری سینٹی گریڈ ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کے دوران نامیاتی مادوں کی مقدار میں مناسب اضافہ کےلئے فصل کی کاشت سے قبل فی ایکڑ 10 سے 12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اسے زمین میں ضرور مکس کرلیں تاکہ اچھی پیداوار کا حصول یقینی ہو سکے۔