ماہ مبارک کی آمد،زائرین کی رہنمائی کے لیے مسجد نبوی میں ایک سو علما اور اساتذہ کی خدمات فراہم کی گئی ہیں،عبدالرحمٰن السدیس

جمعرات 29 فروری 2024 10:00

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) سعودی عرب کے ادارہ برائے امور الحرمین الشریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کو دینی حوالے سے بہترین رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک سو سے زائد علماء اور اساتذہ کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ السدیس نے کہا کہ زائرین کو بہترطریقے سے آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے مسجد نبوی کے مختلف مقامات پرعلماء کی مجالس کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

ماہ مبارک کے حوالے سے شیخ السدیس نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران روزے کے اہم مسائل اور آداب سے مطلع کرنے کے لیے خصوصی طورپرآگاہی مہم بھی لانچ کی گئی ہے تاکہ زائرین مسجد نبوی یکسو ہو کر اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادت الہی میں گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زائرین کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ان کی اپنی زبان میں ترجمہ شدہ دینی کتب کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا تھا تاکہ مختلف ممالک سے آنے والے زائرین اس سے بہتر طورپر مستفیض ہوں۔

شیخ السدیس نے کہا کہ ماہ مبارک کے دوران درس قرآن کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے منظم منصوبے کے تحت قرآن کریم کے حلقوں میں اضافہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفیض ہوسکیں۔مصنوعی ذہانت کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے شیخ السدیس نے کہا کہ خصوصی روبوٹس کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی زائر باآسانی روبوٹ کے ذریعے اپنی زبان کے ماہر علوم دینیہ سے رابطہ کرسکتا ہے۔