دمشق کے دیہی علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں دوایران نوازجنگجو ہلاک

دمشق میں شہری دفاع نے دمشق کے آس پاس اسرائیلی جارحیت کا جواب دیا،شامی میڈیا

جمعرات 29 فروری 2024 21:49

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 فروری2024ء) سیرین آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ دمشق کے نواحی علاقوں میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ایران کے وفادار دھڑوں کے دو جنگجو ہلاک اور کم سے کم چھ زخمی ہوگئے۔شامی سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا کہ شامی دارالحکومت دمشق میں شہری دفاع نے دمشق کے آس پاس اسرائیلی جارحیت کا جواب دیا اور دشمن کے بیشتر میزائل تباہ کر دیے گئے۔

(جاری ہے)

شامی دارالحکومت میں دھماکوں کی آواز سنی گئی جس کے بعد علاقے میں ایمبولینسوں کو جاتے دیکھا گیا۔شام کی وزارت دفاع نے بتایا کہ اسرائیل نے گولان کی طرف فضائی حملہ کیا۔وزارت دفاع نے ایک فوجی ذرعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ فضائی دفاع نے اسرائیلی میزائلوں کا مقابلہ کیا ہے اور ان میں سے بیشتر کو گرا دیا۔شامی آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے وضاحت کی کہ اسرائیلی میزائلوں نے ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جہاں لبنانی حزب اللہ گروپ اور دمشق کے دیہی علاقوں میں ایران کے وفادار دھڑوں کے مراکز ہیں۔آبزرویٹری نے بتایا کہ سیدنا زینب اور بستاتین بیلا کے علاقے میں 4 پرتشدد دھماکے سنے گئے۔