عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پرضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کے اشتراک سے آگاہی واک کا انعقاد

جمعہ 1 مارچ 2024 13:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پرجمعہ کی صبح ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس فیصل آباد کے اشتراک سے آگاہی واک کا انعقادکیا گیا۔ڈپٹی کمشنرفیصل آبادعبداللہ نیئر شیخ کی زیر قیادت واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکرپریس کلب اورسرکلر روڈ سے ہوتی ہوئی کچہری بازارپہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جس میں انتظامی حکام، سول ڈیفنس آفیسر، چیف ٹریفک آفیسر، سی ای او ایجوکیشن و دیگر افسران بھی شریک تھے۔

واک کے شرکانے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہری دفاع کی ضرورت،اہمیت وافادیت کے بارے میں نعرے درج تھے۔اس موقع پر ضلع کونسل لان میں ہنگامی حالات میں امدادی کارروائیوں میں استعمال ہونیوالی مشینری وآلات کی نمائش بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئر شیخ نے کہا کہ شہری دفاع کی تربیت بہت بڑی انسانی خدمت ہے اور عالمی دن منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظام کو مضبوط رکھنے کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس عالمی سطح پر ایک مسلمہ حیثیت کا نظام ہے جبکہ فیصل آباد کی سطح پر اس سسٹم میں گزشتہ سالوں کے دوران جدت لا کر اسے مزید مضبوط اور فعال بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں نے ہر آڑے وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث انسانی خدمت کا بھاری بیڑہ اٹھایا ہوا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد شہری دفاع کے اصولوں اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی حاصل کرے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سول ڈیفنس کے عالمی دن کو منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظریئے کو مؤثرانداز میں اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں نے ہر آڑے وقت میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بے لوث انسانی خدمت کا بھاری بیڑہ اٹھایا ہوا ہے جبکہ رمضان بازاروں،محرم جلوسوں ومجالس سمیت دیگر مذہبی تقریبات پر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد شہری دفاع کے اصولوں اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی حاصل کرے۔انہوں نے آگاہی واک اور مشینری و آلات کی نمائش کے انعقاد کے انتظامات کو سراہا۔سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ آج کے تیزرفتار اور ترقی کے اس دور میں شہری دفاع کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے اور آفات وحادثات کی صورت میں امدادی کارروائی میں شہری دفاع کے رضاکاروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر مصیبت میں گھرے انسانوں کو بچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ سیلاب،زلزلوں یا خدانخواستہ دیگر ہنگامی صورتحال کا مہارت اورتیزرفتاری سے مقابلہ کیا جاسکے۔انہوں نے شہری دفاع کی تربیت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کے عالمی دن کو منانے کا مقصد شہری دفاع کے نظریے کو مؤثرانداز میں اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کا عالمی دن ہمیں اس عزم کو دہرانے کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے آپ کو مشکل حالات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ رضاکاروں کو جدید تربیت سے روشناس کرنے کے علاوہ ان کے حالات کار اوراستعداد میں اضافہ کیلئے بھی متعدد پروگرامز کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف محکمہ جات کے سٹاف اور صنعتی وسماجی اداروں میں جاکر شہری دفاع کے اصولوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جارہی ہے۔ اس موقع پر بم ڈسپوزل روبوٹ،بلٹ پروف جیکٹ،بلٹ پروف ہیلمٹ،فولڈنگ سٹریچر،میٹل ڈیٹیکٹرز،گیس ماسک،ایکسکلوسوڈیٹیکٹرز،ڈرلز،ایکسیڈینٹل ایوال،الیکٹرک ٹارچ،کٹر،لائف جیکٹ،فلیم کٹر،جمپنگ شیٹ،لائف رنگ،فائر فائٹنگ وریسکیو آپریشن کی دیگر اشیا و مشینری کی نمائش بھی کی گئی۔