درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر فرد کو اس صدقہ جاریہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ایک درخت ضرور لگانا چائیے، سید ظہیرالسلام

پیر 4 مارچ 2024 22:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2024ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن سیدظہیر السلام نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر فرد کو اس صدقہ جاریہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ایک درخت ضرور لگانا چائیے۔ درخت ہمارے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اورہم سب کو اپنی آنے والی نسلوں کی بقا اور سلامتی کے لیے درخت ضرور لگانا چائیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز تھائی فارسٹ سکول دہمتوڑمیں محکمہ جنگلات گلیز فارسٹ ڈویژن کے زیر اہتمام سکول کے سبزازار میں دیودار کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا اغاز کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر واٹر شیڈ راحت شیر، ڈی ایف او گلیز فارسٹ ڈویژن شیر یار خان، ڈی ایف او سرن جواد امتیاز خان، ڈی ایف او پٹرولنگ سکواڈ بلال احمد،ڈی ایف او ور کنگ پلان غلام مرتضی خان، ایس ڈی ایف او وسیم عباسی،ایس ڈی ایف او، مختلف سکولوں کے طلبہ، زمیندار اور فارسٹ ڈیپارئمنٹ کے اہکار اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے سکول کے طلبہ اور زمینداروں میں پودے تقسیم کیے اور کہا کہ پودے لگانے سے زیادہ ضروری ہے کہ ان کی حفاظت کی جائے۔ اس موقع پر ڈی ایف او گلیز فارسٹ ڈویژن شہریار خان نے بتایا کہ اس سال موسم بہار کی شجرکاری مہم میں ضلع ایبٹ آباد میں تین لاکھ چھ ہزار مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے جن میں سے 25 ہزار پودے محکمہ تعلیم 26 ہزار پودے مقامی کسانوں اور 10 ہزار پودے ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مزید پودے مختلف سکولوں کو ان کی ضرورت کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلیات میں برف باری سے قبل چند مقامات پر پودے لگائے گئے ہیں مگر برف باری کے بعد جیسے ہی سکولوں کی چھٹیاں ختم ہوں گی ان کو پودے فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران چیڑ،دیودار، سفیدہ،سرو، کیل ریٹھا اور دیگر اقسام کے پودے مفت فراہم کئے جا رہے ہیں۔