سوات ،وادی کالام کے عمائدین نے کالام روڈسمیت رابطہ سڑکوں کی بحالی کا انتظامیہ کا دعوی مستردکردیا

پیر 4 مارچ 2024 22:56

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) سوات کی وادی کالام کے عمائدین نے کالام روڈسمیت رابطہ سڑکوں کی بحالی کا انتظامیہ کا دعویٰ مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ اب بھی کالام ،اتروڑ،گبرال ،مٹلتان اور دیگر بالائی علاقوں کے مکین پانچ پانچ فٹ برف میں محصور ہیں اور ادویات سمیت اشیائے خوردونوش کی قلت پیداہونے کا خدشہ ہے۔ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امن جرگہ ملاکنڈ ڈویژن کے چیئرمین رحمت دین صدیقی، سابق تحصیل ناظم بحرین حبیب اللہ ثاقب، سابق ناظم کالام ملک حسن زیب اورجنرل کونسلر ملک غلام علی سمیت دیگر عمائدین کالام نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیاہے کہ ضلعی انتظامیہ نے میڈیا کے ذریعے کالام اور دیگر علاقوں میں حالیہ برفباری سے بند سڑکیں کھولنے اور ٹریفک بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن اس دعوے میں کوئی حقیقت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سڑکیں پچھلے چاردنوں سے بند ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف مقامی لوگ بلکہ ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سیاح شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے سے مریضوں کو ہسپتال تک پہنچانے کا بھی کوئی بندوبست نہیں جس کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر ملاکنڈڈویژن، ڈپٹی کمشنر سوات، اے سی بحرین اور اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے زبانی جمع خرچی اور دعوؤں کی بجائے عملی اقدمات اٹھاکر مین شاہراہ اوررابطہ سڑکوں کو کھولنے کے عملی اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر ہم سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔