پتنگ بازی ایک خونی اور معصوم جانوں کا قاتل کھیل ہے ،فراز راجہ ایڈووکیٹ

پیر 4 مارچ 2024 21:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) سیالکوٹ ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد فراز راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بسنت ایک غیر اسلامی اور جان لیوا تہوار ہے، پتنگ بازی ایک خونی اور معصوم جانوں کا قاتل کھیل ہے ، اس خونی کھیل سے بچوں کو دور رکھیں اور والدین کو اس کے نقصانات سے آگاہ کریں، آس پاس پتنگ بازی کرنے اوران کی فروخت میں ملوث افراد کی حوصلہ شکنی کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پتنگ بازی کےخلاف آگاہی مہم کے دوران گفتگو میں کیا۔ جنرل سیکرٹری محمد فراز راجہ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری میں پتنگ بازی کے خونی کھیل پر کروڑوں روپے ضائع کرنے کی بجائے تمام شہریوں کو انتظامیہ اور پولیس سے تعاون کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ قاتل ڈور پھرنے سے متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں ، اس لئے پتنگ فروشی اور پتنگ بازی قانوناً جرم ہے۔