اگلے دس سالوں میں پاکستان مسلم امہ کی سب سے بڑی معیشت ہو گی،سابق وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز

پیر 4 مارچ 2024 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2024ء) سابق نگران وفاقی وزیر تجارت ،صنعت ،داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگلے دس سالوں میں پاکستان مسلم امہ کی سب سے بڑی معیشت ہو گی، 100بلین ڈالر کی ایکسپورٹ ہمارا ٹارگٹ ہے۔

ہم ڈالر کا ریٹ 340سے 280پر لے کر آئے۔ہم نے محنت کرکے چین،یواے ای اور دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کے دروازے کھولیں ہیں۔چین، امریکہ اور گلف پاکستانی مصنوعات کی بڑی مارکیٹ ہے۔ڈالر کے ریٹ کا سارا مسئلہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی وجہ سے تھا۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر اپنی پالیسی واضح کرنے کے ساتھ ہی ڈالر کا ریٹ 340سے 280پر آ گیا۔انہوں نے مزید کہاکہ افراط زر کے ریٹ سے شرح سود کو زیادہ رکھنا ہوتا ہے،افراط زر کا ریٹ 28فیصد تھا ہم نے شرح سود 22فیصد پر روک دیا تھا جس پر آئی ایم ایف نے بھی اعتراض کیا تھا۔

(جاری ہے)

ملک میں 50فیصد روزگار کے مواقع نجی سیکٹر کی ہی پیدا کر رہا ہے۔ایف پی سی سی آئی کا کام پالیسی بنانا ہے۔ایف پی سی سی آئی میں اکنامسٹ ہونے چاہیے جو حکومت کی رہنمائی کریں۔ایف پی سی سی آئی 5بڑے اکنامسٹ کا پینل بنائے اور حکومت کو دس سالہ انڈسٹری ویژن بنا کر دے۔تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز، سابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر زین افتخار،سابق صدر زبیر طفیل،سیالکوٹ چیمبر کے گروپ لیڈر ریاض الدین شیخ نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر گوہر اعجاز کو بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔