کاشتکار اگیتی کپا س کی کاشت موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، ڈاکٹر محمد نوید افضل

منگل 5 مارچ 2024 14:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) ڈائریکٹرسی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں راتیں سرد،زمین میں نمی کی زیادتی اور محکمہ موسمیات کی بارشوں کی پیش گوئی سے متعلق اگیتی کپاس کی کاشت کا مناسب وقت نہیں لگ رہا جبکہ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں کاشت کے لئے موسم بہتر رہنے کی امید ہے،اس لئے کاشتکار اگیتی کپاس کی کاشت کرتے وقت سی سی آر آئی ملتان کے زرعی ماہرین ومحکمہ زراعت توسیع پنجاب کے عملہ کی سفارشات کے مطابق موسمی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اگیتی کپا س کی کاشت کریں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کی صدارت میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے کپاس کی کاشت سے متعلق آئندہ پندرہ روزہ سفارشات15مارچ تک کے لئے پیش کی گئیں۔ڈاکٹر محمد نوید افضل نے مزید کہا کہ کپاس کے کاشتکار کپاس کی کاشت سے پہلے زمین کا تجزیہ ضرور کرائیں اور تجزیاتی رپورٹ کے مطابق سفارش کردہ کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

جن زمینوں میں کینولہ،مکئی،رایا کماد وغیرہ کی باقیات موجود ہے تو انہیں روٹا ویٹ کردیں تاکہ زمین میں نامیاتی مادہ کی مقدار بڑھے اور اس کی زرخیزی میں اضافہ ہو اور کپاس کی فصل اچھی پیداوار دے سکے۔ اس کے لئے کاشتکارزمین تیار کرتے وقت پانی لگا کر زمین میں آدھی بوری یوریا چھٹہ کریں تاکہ زمین میں دیگر فصلات کی باقیات کے گلنے سڑنے کا عمل تیز ہو اور زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہو۔

کاشتکارزمین کی تیاری کے وقت لیزر لینڈ لیولر کا ضرور استعمال کریں۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد ادریس خان، حافظ محمد طارق،میڈم صباحت حسین،ساجد محمود،ڈاکٹر نور محمد اور جنید خان ڈاہا اور مس شبانہ وزیر سائنٹفک آفیسرز نے شرکت کی۔ فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ دوسرا اجلاس 15مارچ کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔