فیصل آباد چیمبرکی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد، چیمبر کے دورے کی دعوت

منگل 5 مارچ 2024 17:16

فیصل آباد چیمبرکی وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد،   چیمبر  کے دورے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد اور نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے میاں محمد شہبا ز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیر اعظم کا حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کے دور میں نہ صرف سیاسی استحکام پیدا ہوگا بلکہ قومی معیشت بھی تیزی سے ترقی کرے گی۔

انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف فیصل آباد کے صنعتکاروں سے فوری اور خصوصی ملاقات کا ترجیحی بنیادوں پر اہتمام کریں گے تاکہ معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کو دور کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے حکومت کو معاشی پالیسی سازی کے علاوہ بجٹ سازی میں سٹیک ہولڈرز کی مثبت تجاویزکو سمجھنے اور پالیسی کا حصہ بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر درآمدات کے متبادل مقامی صنعتوں کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ ان کو ضروری مراعات دے کے درآمدی بل کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی رفتار، محنت، کارکردگی اور ایمانداری کو عالمی شہرت حاصل ہوئی ہے۔ ان کا ماضی اس کی محنت، کارکردگی اور قابلیت کا گواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف کا بطور وزیر اعظم پاکستان انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح ہے، پاکستان کے معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کیلئے شہباز شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔انہوں نے میاں محمد شہباز شریف کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کی بھی دعوت دی ہے ۔