موسمی پھل وسبزیا ں استعمال کرنےوالے بیماریوں سے محفوظ زندگی گزارتے ہیں،پروفیسر ڈاکٹر احمد دین

بدھ 6 مارچ 2024 16:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ موسمی پھل و سبزیا ں استعمال کرنے والے بیماریوں سے محفوظ اور خوشگوار زندگی گزارتے ہیں جبکہ ناقص منصوبہ بندی،درخت اور کھیت سے منڈی و آڑھت پھر ریڑھی دکاندار تک پہنچنے کے دوران 30 سے40 فیصدپھل اور سبزیاں ضائع ہو رہی ہیں،پاکستان کے پھل اور سبزیاں دنیا بھر میں اپنی منفرد خوشبو، ذائقہ اور رنگت کے باعث الگ مقام رکھتے ہیں۔

وہ نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آبادفیصل آباد میں پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ یہ کنو کا موسم ہے جس میں 85 فیصدپانی،وٹامن سی اور وٹامن اے کی کثیر تعداد پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تازہ کنو کثرت سے کھانے والے بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کنو کے اندر قدرت نے انسان کی خوبصورتی کے بے شمار فوائد جمع کردیئے ہیں خاص طورپر کنواستعمال کرنے والی خواتین کی جلد میں قدرتی حسن،نکھار پیدا ہوتا ہے،کھانا کھانے کے بعد اگر تین چار کنو کھا لئے جائیں تو کھانے کے بعد انسانی پیٹ میں کسی قسم کی تیزابیت بھی پیدا نہیں ہوتی،تیزابیت ہی انسان کو موٹاپے کی طرف لے جاتی ہے جس سے بلڈ پریشر اور شوگر کے امراض جنم لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پھلوں کو سکوائش، شربت،جیم کی حیثیت دینے والے آج ہزاروں افراد اپنے گھر میں بہترین روزگار کا سلسلہ شروع کئے ہوئے ہیں، اس کی ٹیکنالوجی اس قدر آسان ہے کہ ایک معمولی پڑھا لکھاشخص بھی شربت،سکوائش کے ہنر کی بدولت لاکھوں روپیہ ماہانہ کما سکتاہے۔ڈاکٹر احمد دین نے کہا کہ بازاری کھانے کسی لحاظ سے بھی صحت کیلئے مناسب نہیں ہیں ان کے مسلسل اور زیادہ استعمال سے وقتی ذائقہ تو ملتا ہے مگر سوائے بیماریوں کو جسم میں داخل کرنے کے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا، اسی طرح بازاری کھانوں کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا جاتا۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی اور اپنی صحت کو برقرار رکھنے کےلئے گھریلوسطح پر پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں۔جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول طالبات کو دور جدید میں نت نئی ہونے والی تبدیلوں سے روشناس کرانے کےلئے کئی موضوعات پر تقاریب کا ایک سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کا بنیادی مقصد طالبات کے اندر خود اعتمادی پیدا کرناہے تاکہ وہ خود انحصاری کی منزل کی جانب گامزن ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار اددا کرتی چلی جائیں۔

بعد ازاں عملی طور پر کنو سکوائش اور کنو جیم تیارکرنے کا مظاہرہ کیا گیا۔ یاسمین حمید نے پھلوں اور سبزیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ قبل ازیں حافظہ صبا تبسم نے پرسوز انداز میں نعت رسولؐ اور جنرل سیکرٹری نے تلاوت قرآن مجیدکی سعادت حاصل کی۔