شیخ رشید کی ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست، عدالت ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ پر برہم

بدھ 6 مارچ 2024 18:05

شیخ رشید کی ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست، عدالت ایڈیشنل سیکریٹری ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2024ء) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔کیس کی سماعت جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس مرزا وقاص روف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔دورانِ سماعت شیخ رشید احمد اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان کے ہمراہ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور نیب پراسیکیوٹر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سے سوال کیا کہ سیکریٹری داخلہ کہاں ہیں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے جواب دیا کہ سیکریٹری داخلہ دستیاب نہیں، وہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے سوال کیا کہ شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا گیا ہی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے جواب دیا کہ نیب نے 190 ملین پاونڈ اسکینڈل میں شیخ رشید کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کی تحقیقات میں شیخ رشید کا نام اس لیے شامل کیا گیا کیونکہ شیخ رشید وفاقی کابینہ کا حصہ تھے، 190 ملین پاونڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد نیب نے ملزمان کی فہرست سے شیخ رشید کا نام نکال دیا تھا۔عدالت نے سوال کیا کہ شیخ رشید اگر اس کیس میں مطلوب نہیں تو ان کا نام کس نے ای سی ایل میں ڈالا اس موقع پر عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 2 گھنٹے دے رہے ہیں، تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں ورنہ آپ کے خلاف کارروائی کریں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی۔