Live Updates

مریم نوازکی اے ایس پی شہربانو سے گلے ملنے کی ویڈیو وائرل

جمعرات 7 مارچ 2024 17:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی)شہربانو نقوی کو گلے لگانے اور انہیں تھپکی لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں وزیر اعلی پنجاب کو اے ایس پی شہربانو کو متعدد صوبائی وزرا، انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس پنجاب سمیت نوجوان افسران کے سامنے گلے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ اے ایس پی شہربانو جیسے ہی کمرے میں داخل ہوتی ہیں تو وزیر اعلی پنجاب انہیں اپنی طرف بلاکر انہیں گلے لگاتی ہیں اور انہیں تھپکی دے کر ان کی ہمت افزائی بھی کرتی ہیں۔مریم نواز نے اے ایس پی شہربانو کی ہمت افزائی کرتے ہوئے انہیں بہادر افسر قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہوں نے نئے پولیس افسران کے لیے مثال قائم کردی۔

(جاری ہے)

مریم نواز کی جانب سے اے ایس پی شہربانو کو گلے لگانے اور انہیں تھپکی دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ اب اس ڈرامے کو بند کیا جائے، خاتون افسر نے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں، انہوں نے کوئی انوکھا کارنامہ سر انجام نہیں دیا۔بعض افراد نے کمنٹس کیے کہ اب خاتون افسر کو بھی ملالہ یوسف زئی کی طرح ہیرو بنا دیا جائے گا اور انہیں ایوارڈز دیے جائیں گے۔کچھ افراد نے یہ کمنٹس بھی کیے کہ خاتون پولیس افسر اور وزیر اعلی دونوں چور ہیں اور انہوں نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت تمام کام کیے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات