رمضان المبارک کے دوران بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈپٹی کمشنر گجرات

جمعرات 7 مارچ 2024 20:30

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک اور ڈی پی او گجرات اسد مظفر کی زیر صدارت رمضان المبارک سے قبل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنرز حیدر عباس، زوہیب ممتاز، محمد اکمل، صاحبزادہ سعید احمد شاہ گجراتی، سید الطاف الرحمن، الطاف عباس کاظمی، حکیم جواد الرحمن، جاوید بٹ، خادم علی خادم،چیف افسران سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او گجرات نے کہا کہ ضلع گجرات امن کا گہوارہ ہے، علماء کرام اپنے خطبات میں امن و سلامتی کا پیغام دیں، رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی سمیت پارکنگ، لائٹنگ اور دیگر بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں، نماز تروایح اور اجتماعات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مساجد کے اطراف صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، گراں فروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں حکومت پنجاب نے رمضان نگہبان پیکچ کا آغاز کردیا ہے، پیکچ کے تحت مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر پہنچایا جائے گا، گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، رمضان المبارک میں شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے بہترین اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ڈی پی او گجرات اسد مظفر نے کہا کہ مساجد، اجتماعات کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی، شہریوں کی جان اور مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔