سینیٹر اعجاز چوہدری کو دل کی تکلیف،پی آئی سی میں طبی معائنہ

سینیٹر اعجاز چودھری کو سخت سیکیورٹی میں پی آئی سی لایا گیا،ہسپتال میں طبی معائنے کے بعد اعجاز چوہدری کو اسلام آباد لے جانے کیلئے انتظامات مکمل

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 8 مارچ 2024 17:54

سینیٹر اعجاز چوہدری کو دل کی تکلیف،پی آئی سی میں طبی معائنہ
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو دل کی تکلیف کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیاجہاں ان کا مکمل طبی معائنہ اور چیک اپ کیا گیا۔سینیٹر اعجاز چودھری کو سخت سیکیورٹی میں پی آئی سی لایا گیا۔ہسپتال میں طبی معائنے کے بعد سینیٹر اعجاز چوہدری کو اسلام آباد لے جانے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔

ہسپتال میں طبی معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ مجھے 10 ماہ ہوگئے ہیں، جیل کے اندر قید ہوں، انڈر ٹرائل ہوں مجھے ہر سیشن کے پروڈکشن آرڈر ملنے چاہیے تھے۔یہ لوگ آج مجھے پہلے کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال لائے ہیں اور اب یہاں سے سینیٹ اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد لیکر جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی چیئرمین کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، پروڈکشن جاری ہونے سے میں کم از کم صدارتی ووٹ ڈالنے اسلام آباد جاوٴں گا۔

سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ وہ قومیں مشکلات کا شکار رہتی ہیں جو اپنی عوام کی رائے کو اہمیت نہیں دیتیں۔انہوں نے کہا کہ اب آپ سمجھ لیں پاپا اور چچا کی حکومت بن گئی ہے۔قبل ازیں آج سینیٹ کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دیا تھا،ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے ڈیسک بجا کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی سینیٹرز نے جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل میں قید سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اس اہم مرحلے پر سینیٹر اعجاز چوہدری کو رہا ہوکر یہاں ہونا چاہیے، ہائیکورٹ آرڈر موجود ہیں پروڈکشن آرڈر کیلئے عدالتوں کا کیوں رخ کریں جب ہمارے پاس اختیارات یہاں ہیں، سینیٹر اعجاز چوہدری بیمار بھی ہیں ان کے میڈیکل بورڈ سے متعلق بھی پمز میں اقدامات کیے جائیں، یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیں سب ایوان متفق ہوگا۔

پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اعجاز چوہدری کے صدراتی انتخاب کیلئے پروڈ کشن آرڈر جاری کیے جائیں، رولز واضح ہیں اس طرح کی صورتحال میں ایوان ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جا سکتے ہیں، کل صدراتی انتخاب ہیں ان کو ووٹ کرنا ہے ان کا حق ہے۔