رمضان المبارک خود احتسابی اور خدا خوفی کا مہینہ ہی:خرم نواز گنڈاپور

دکاندار ناجائز منافع خوری کر کے اللہ کی ناراضی سے بچیں ،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

ہفتہ 9 مارچ 2024 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تاجر دوکاندار رمضان المبارک کے احترام میں ناجائز منافع خوری ترک کر دیں۔ رمضان المبارک میں پھل، سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ اللہ کو ناراض کرنے کا سبب ہے۔ دنیا کے معمولی فائدہ کے لئے اپنی عاقبت خراب نہ کریں اور مخلوقِ خدا کو تکلیف میں مبتلا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور گرانی نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اگر ناجائز منافع خوری کی وجہ سے کوئی روزہ دار پیٹ بھر کر کھانا نہ کھا سکا یا روزہ نہ رکھ سکا تو اس کا عذاب ناجائز منافع خوروں کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ رب العزت نے ہمیں زندگی میں باردگر رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کی توفیق عطا کی ہے اس توفیق اور نعمت کا بہترین شکریہ ہے کہ ہر صاحب استطاعت مخلوق خدا کو فائدہ پہنچائے اور ناحق کسی کو تنگ نہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنا اور ناجائز منافع خوروں پر ہاتھ ڈالنا شاید حکومت کے فرائض میں شامل نہیں ہے اسی لئے ناجائز منافع خوری سالہا سال ہوتی ہے اور رمضان المبارک میں نکتہ عروج کو پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک خود احتسابی اور خدا خوفی کا مہینہ ہے۔