فیصل آباد، سورج مکھی کی آبپاشی کا شیڈول جاری

پیر 11 مارچ 2024 13:30

فیصل آباد، سورج مکھی کی آبپاشی کا شیڈول جاری
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی آبپاشی کا شیڈول جاری کردیاہے۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کہا کہ سورج مکھی کی بہاریہ فصل کو عام طور پر 5 آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے جس میں سے پہلا پانی فصل کے اگاؤ سے 20 دن بعد، دوسرا پانی پہلے پانی کے تقریباً 20 دن بعد، تیسرا پانی پھول نکلتے وقت، چوتھا پانی بیج بننے کے عمل کے دوران اور آخری پانی بیجوں کی دودھیا حالت یا بیجوں کی بڑھوتری کے دوران لگانا چاہیے۔

سورج مکھی کی فصل کو اس کی کل ضرورت کا 20 سے 25 فیصد پانی فصل اُگنے سے لے کر ایک ماہ کے دوران لگانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فصل کو سوکا لگ جائے تو بیج کی پیداوار میں 40 فیصد سے زیادہ کمی ہوجاتی ہے اور اس کمی کی وجہ یہ ہے کہ ایک طرف تو عمل زیرگی متاثر ہوتا ہے جس سے پھول کے مرکز میں بیج نہیں بنتے اورجو بیج بنتے ہیں ان کی جسامت بہت چھوٹی ہوتی ہے اور وہ بیج اندر سے خالی ہوتے ہیں لہٰذا اگر مارچ اوراپر یل میں موسم گرم ہو جائے تو فصل کو پانی دینے کا دورانیہ کم مگر پانی زیادہ مرتبہ لگانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شدید موسم میں بھی آبپاشی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بروقت آبپاشی کرنے سے بیج صحت مند اور زیادہ بنتا ہے جس سے پیداوارمیں اضافہ ہوتا ہے تاہم اگر زیادہ گرمی ہو تو بہاریہ سورج مکھی کو پھول نکلتے وقت پانی کا وقفہ کم کر دیناچاہیے ورنہ عمل زیرگی متاثرہونے کی وجہ سے پھول کا کچھ حصہ بیج بننے سے محروم رہ سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :