چمتاربس ٹرمینل کو فعال بنانے کےلیے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو سہولیات کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنائی جائے، کمشنر مردان ڈویژن

پیر 11 مارچ 2024 17:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چمتار بس ٹرمینل کو فعال بنانے کے لیے وہاں ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔ وہ نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ کے ہمراہ چمتار بس ٹرمینل کے دورے کے موقع پر متعلقہ سرکاری حکام اور ٹرانسپورٹرز سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے واجد خان، اے اے سی جنید خان، ریجنل میونسپل آفیسر، ٹی ایم او مردان، سی اینڈ ڈبلیو حکام اور ٹرانسپورٹرز حاجی اکبر علی، والد میر کشمیری اور دیگر بھی موجود تھے۔ کمشنر مردان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے بس ٹرمینل کو کامیاب بنانے میں حائل روکاوٹیں دور کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز نو منتخب ارکان اسمبلی اور حکام مل بیٹھ کر مسائل کا دیرپا حل نکالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 732 کنال کے وسیع رقبے پر کروڑوں روپے کی لاگت سے نیا بس ٹرمینل قائم کیا ہے جہاں شہر کے وسط میں قائم تمام بس اور فلائنگ کوچ اڈوں کا منتقل ہونا ناگزیر ہے۔ اس سے ایک ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو سہولت ہوگی تو دوسری طرف شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے کل 12 مارچ کو پختونخوا ہاؤس میں اجلاس ہوگا جس میں اڈوں کی منتقلی کے حوالے سے ضروری اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔